بھوپال، 11 نومبر (یواین آئی) مدھیہ پردیش میں اسمبلی انتخابات کے لیے آج جاری کئے گئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے منشور (سنکلپ پتر) میں خواتین، غریبوں، کسانوں، نوجوانوں اور طلباء کے ساتھ ساتھ دیگر طبقات کو ذہن میں رکھتے ہوئے عوامی پسند کے بہت سے وعدے کیے گئے ہیں۔منشورکا نام وزیر اعظم نریندر مودی کا چہرہ سامنے رکھ کر’’مودی کی گارنٹی، بی جے پی کا بھروسہ، مدھیہ پردیش کا سنکلپ پتر 2023″ کا نام دیا گیا ہے۔بی جے پی صدر جے پی نڈا نے یہاں صحافیوں کے سامنے ’’سنکلپ پتر‘‘ کے نام سے 90 صفحات سے زیادہ کا منشور جاری کیا۔ بی جے پی نے بنیادی طور پر وزیر اعظم مودی کے چہرے کو سامنے رکھ کر ریاست کے ووٹروں سے وعدے کیے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، ریاستی صدر وشنودت شرما، مرکزی وزیر اور پارٹی کے انتخابی شریک انچارج اشونی ویشنو، مرکزی وزیر پرہلاد پٹیل اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔بی جے پی نے وعدہ کیا ہے کہ پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کو اگلے پانچ سال تک بڑھانے کے ساتھ ساتھ دالیں، سرسوں کا تیل اور چینی مستفیدی کورعایتی نرخوں پر دی جائے گی۔ کسانوں کو سالانہ 12 ہزار روپے کی سمان ندھی مستقبل میں بھی جاری رکھی جائے گی۔ بی جے پی نے 2700 روپے فی کوئنٹل کے حساب سے گیہوں اوردھان 3100 روپے فی کوئنٹل کے حساب سے خریدنے عزم بھی کیا ہے۔منشورمیں کہا گیا ہے کہ مضبوط کسان، مضبوط مدھیہ پردیش بی جے پی کا عزم ہے۔بی جے پی نے پی ایم آواس یوجنا کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ جن آواس یوجنا کے فوائد فراہم کرنے کا عزم کیا ہے۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ ریاست میں غریبوں کو مکان کے بغیر نہیں رہنے دیا جائے گا۔ بی جے پی نے فیصلہ کیا ہے کہ لاڈلی بہنوں کو مالی امداد جاری رکھنے کے ساتھ ہی رہائش بھی دی جائے گی۔ دیہات کی خواتین کو لکھپتی بنانے کے لیے اسپیشل ٹریننگ اینڈ اسکل ڈویلپمنٹ کا کام کیا جائے گا۔ قبائلیوں سے کئی وعدے کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تینڈو پتہ ذخیرہ شرح کا 4000 روپے فی بوری کیا جائے گا۔بی جے پی نے وعدہ کیا ہے کہ ہر خاندان میں کم از کم ایک روزگار یا خود روزگار کا موقع یقینی بنایا جائے گا۔ غریب گھرانوں کے تمام طلباء کو بارہویں جماعت تک مفت تعلیم دی جائے گی۔ سرکاری اسکولوں میں مڈ ڈے میل کے علاوہ غذائیت سے بھرپور ناشتہ بھی فراہم کیا جائے گا۔ ہر ڈویژن میں آئی آئی ٹی کی طرز پر مدھیہ پردیش انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اور ایمس کی طرز پر مدھیہ پردیش انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس قائم کرنے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔
بی جے پی کے منشور میں خواتین، غریبوں کی بہبود، کسانوں اور دیگر طبقات سے متعلق وعدے ہیں
By y admin
