ہالی ووڈ سپر اسٹار اور مشہور ریسلر ڈوین جانسن (دی راک) کو امریکیوں کی بڑی تعداد ملک کا صدر بنانا چاہتی ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق ایک ریسرچ کمپنی نے پول کرایا جس میں ڈوین جانسن کی حمایت میں 46 فیصدوں نے مثبت تاثرات کا اظہار کیا۔ 29 فیصد بالغ امریکی لوگوں نے ‘دی راک’ کے مکمل طور پر صدر بننے کی حمایت کی جبکہ 17 فیصد نے کہا کہ وہ انکی مہم کی بھرپور حمایت کریں گے۔ڈوین جانسن نے ریسرچ کمپنی کے پول کا نتیجہ بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور مزاحیہ انداز میں لکھا
کہ:
” مجھے نہیں لگتا کہ ہمارے ملک کے بانیوں نے کبھی سوچا بھی ہوگا کہ پک اپ ٹرک چلانے والا 6فٹ4 انچ قد کا گنجا شخص جس کے جسم پر ٹیٹو بنے ہوں وہ ہمارے کلب کو جوائن کرے گا۔ہالی ووڈ کے سپر اسٹار نے مزید لکھا کہ اگر کبھی ایسا ہوا تو آپ لوگوں کی خدمت کرنا میں اپنی عزت تصور کروں گا”۔
ڈوین جانسن کے اس پیغام کو ان کے اکاؤنٹ پر 5.5 ملین سے زائد بار پسند کیا گیا اور ہزاروں لوگوں نے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ متعدد افراد نے ابھی سے ہی کمنٹ سیکشن میں ‘دی راک’ کو ووٹ بھی کرلیا۔رواں سال ڈوین جانسن(دی راک) نے مستقبل میں امریکی صدارت کے لئے دلچسپی کا اظہار کیا۔
ڈوین جانسن دی راک کی جانب سے امریکی صدارت میں دلچسپی کے اظہار پر ردعمل دیتے ہوئے امریکا کے حال ہی میں ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ لینے والے لیجنڈ ریسلر دی انڈرٹیکر نے کہا ہے کہ ڈوین جانسن امریکا کے لوگوں کو متحد کرسکتا ہے۔ اگر وہ واقعی میدان میں اترتا ہے تو انہیں اس فیصلے پر حیرانی نہیں ہوگی۔
ایک گفتگو کے دوران انڈرٹیکر نے کہا کہ ڈوین جانسن کی شخصیت بہت ہی دلکش ہے، وہ جو بھی کام کرتا ہے دل سے کرتا ہے۔ مجھے پتا ہے کہ اس میں جذبہ بھی ہے اور مجھے ایسا لگتا ہے کہ وہ لوگوں کو متحد کرنے والا بن سکتا ہے جس کی لوگوں کو تلاش ہے۔
انڈرٹیکر نے مزید کہا کہ میں اس حوالے سے نہیں جانتا، بہت کچھ ہونے کے امکانات ہیں، اگر ڈوین جانسن نے امریکی صدارت سے متعلق فیصلہ کیا تو میں اسکی کوششوں کی مکمل حمایت کروں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ اب بھی ڈوین جانسن کو’ راک‘ ہی کہتے ہیں۔




