محمد اعظم شاہد

ایسا لگ رہا ہے کہ اُترپردیش میں زعفرانیت، کا زہر چاروں طرف پھیلنے لگا ہے۔مساجد میں مندروں کی تلاش کا سلسلہ اب زور پکڑنے لگا ہے۔گیان واپی،متھرا کاشی، شاہی عیدگاہ، تاج محل پر تنازعات کے بعد یہ آگ اب بھڑکنے لگی ہے۔ سنبھل کی تاریخی جامع مسجد کی عمارت ہری ہر مندر پر تعمیر کی گئی ہے۔ اس تنازعہ کا معاملہ ابھی سرد ہی نہیں ہو پایا کہ جونپور اورمظفر نگر میں واقع مساجد کو بھی نئے تنازعات کے گھیرے میں لیا جانے لگا ہے۔ ضلع انتظامیہ،عدالتیں اور پولیس مساجد مندر تنازعات پر ایک طرفہ فیصلے لینے لگے ہیں۔شکایت اور دعویٰ کرنے والے ہندو پرست گروہوں کی آواز سنجیدگی سے سنی جانے لگی ہے اورفوری مساجد کا سروے اور دستاویزات کی جانچ کے احکامات دھڑا دھڑد یئے جانے لگے ہیں۔ انتظامیہ، پولیس اورعدالتوں میں شکایتیں، عرضیاں اوردعوے داخل کیے جانے کے بعد کس رفتار سے ان پر کارروائی ہوتی ہے۔اس پر کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ مسائل کی یکسوئی کے لیے دفتروں اورعدالتوں کے چکر لگاتے لگاتے عرضی گزار تھک جاتے ہیں۔تاریخ پہ تاریخ طے ہوتی رہتی ہے۔مقدمات کی سماعت کے لیے شبھ گھڑی آتے آتے بہت دیر ہوجاتی ہے۔کہاجاتا ہے کہ انصاف اور فیصلے صادر کرنے میں تاخیرگویا انصاف کے اصولوں کے خلاف ہے۔ تو اس طرح مساجد پر نئے نئے دعوے اور مندروں کو مسمار کرکے یا پھر اختلا فی جائیدادوں پر تعمیرہونے کی تازہ شکایتوں سے یہی ظاہر ہورہا ہے کہ ایک سوچی سمجھی منصوبہ بند سازش کے تحت ایک بارپھر فرقہ پرستی کا کارڈ کھیلا جارہا ہے۔ 1990 کے دوران جو مندر مسجد واویلا شروع کیا گیا۔ہندومسلم کے نام پر نفرتوں کا جس طرح من گھڑت پرچار کیا گیا تھا۔اب وہی روش وہی تنازعات دوبارہ نئے طورپر اُٹھائے جارہے ہیں۔رواداری کے ماحول کو بگاڑا جارہا ہے۔مذہبی معاملات میں بے جا مداخلت سے امن وآشتی کی فضاؤں کو مکدر بنایا جارہا ہے۔ ان تنازعات سے بھلے ہی آر ایس ایس کی پیروی کرنے والے فرقہ پرستوں کو خوشی اورآسودگی حاصل ہورہی ہوگی۔کیونکہ وہ اس ملک میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کا پرچار کرکے تنگ نظری کے زیراثر ہندوؤں کو متحد کرنا چاہتے ہیں۔ اوراس طرح اپنے سیاسی مفادات کے حصول کے لیے وہ (فرقہ پرست) کچھ بھی کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ مگر دوسری جانب امن پسند ہندوؤں اور مسلمانوں میں ان نئے نئے تنازعات کو لے کر بے چینی پائی جاتی ہے۔ بالخصوص مسلمانوں میں عدم اطمینان اور عدم اعتماد کا احساس بڑھنے لگتا ہے۔
اس پورے منظر نامے میں حکومتیں مرکز کی ہوں یا ریاستی وہ محض تماشائی بنی ہوئی ہیں۔یوپی میں یوگی سرکار سے کچھ اچھی امیدیں نہیں ہیں۔ اورمرکزی سرکار کو اپنے بڑے بڑے وعدوں اور نعروں کے درمیان مندر مسجد تنازعات کوئی اہمیت کے حامل نہیں رہے ہیں۔ منی پور کا تشدد اور فسادات، کسانوں کا احتجاج جیسے معاملات پر مرکزی حکومت کی توجہ کیسی رہی ہے اور ان مسائل کی یکسوئی کے لیے کس نوعیت کا رویہ رہا ہے۔ اس موضوع پر کچھ لکھنا ہی بیکار معلوم ہوتا ہے۔ملک میں عبادت گاہوں کا قانون 1991 کا احترام کرنا آئینی اعتبار سے حکومتوں، عدالتوں اور انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ملک کے ہر شہری کا فریضہ ہے۔مگر اس قانون سے قطع نظر جس طرح کا رد عمل نئے تنازعات پر دیکھنے میں آرہا ہے وہ انتہائی مایوس کن اور افسوسناک بھی ہے۔
وہی قاتل وہی شاہد وہی منصف ٹھہرے
اقرباء میرے کریں قتل کا دعویٰ کس پر
ان حالات میں مسلمانوں کو غیرمعمولی حکمت عملی اور قانونی چارہ جوئی سے منظم طورپر کام کرنے کی ضرورت ہے۔جیسے ہی اوقاف سے منسوب وقف ترمیمی بل 2024 کا چرچہ، تنازعہ، مخالفت، احتجاج اورپارلیمنٹ میں ہنگامہ اورپھر جے پی سی کا تشکیل پانا اور متعلقہ معاملات کی گونج پورے ملک میں سنی گئی۔اس معاملے کو لے کر بی جے پی کی سرکردہ لیڈر شپ نے اس مجوزہ بل کی حمایت کرتے ہوئے مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کی جہاں تاویلات پیش کیں وہیں کئی ہندو مذہبی رہنماؤں نے اوقاف کے تصوراور وجود ہی کو مٹانے کا مطالبہ کیا۔اورچند ایک نے تو مسلمانوں کو ملک میں ووٹ دینے کے حق ہی سے محروم کردینے کا واویلا بھی مچایا۔ یعنی کل ملاکر ملک کے مسلمانوں کے ساتھ اس زعفرانی سیاست کے دور میں ہر طرح سے ممکنہ طورپر انہیں بے وقعت کرنا اورانہیں ان کی شناخت سے محروم کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں۔ مسلمانوں کا مسجد مندر تنازعات پر پرجوش احتجاج اورردِ عمل کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔البتہ قانونی طورپر اپنے موقف کو پیش کرنے کے لیے دانشمندی اورحکمت عملی وقت کی اہم ضرورت محسوس ہوتی ہے۔
کئی ایک روشن خیال سیاسی مبصرین نے مسجد مندر تنازعات پر حکومت، عدالتوں اور رائٹ ونگ (دائیں بازو) کی ہندو پرست تنظیموں اور ریاستی انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا ہے کہ اب اس ملک میں ”بھارت کھودو“ راج شروع ہوگیا ہے۔ یعنی مساجد میں مندر تلاش کرنے کی کھدائی کے سرکاری طورپر احکامات گویا توہمات پرستی کو فروغ دینا ہے اور ملک میں ترقی کی رفتار کو متاثرکرنا ہے۔ایک ہندو روشن خیال دانشور نے ابھی حال ہی میں کہا کہ اگر مندروں میں کھدائی کرکے دیکھو وہاں بدھ مت کے استوپا یا دیگر آثار مل جائیں گے۔یعنی کھدائی کرتے کرتے ملک میں بنیاد پرست لوگ نفرتوں کی نئی دُنیا آباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ ایک طرف ”امرت کال“ میں ”وِکست بھارت“ کے بڑے بڑے سپنے دیکھے اوردکھائے جارہے ہیں۔ دوسری جانب پھر سے مذہبی جنون مندر مسجد کے تنازعات کو نئے طورپر بھڑکارہا ہے۔ایسے میں مہان دیش اور دیش کی جنتا جناردھن کا کس طرح کلیان ہوپائے گا۔یہ ایک بڑا سوال ہے،جو دیش کی ترقی (پرگتی) کی بڑی بڑی باتیں کرنے والوں کو آنکھیں دکھارہا ہے۔




