بیدر۔29/مئی۔(محمد امین نواز)۔ ریاست میں قیادت کو تبدیل کرنے کی کوششوں کے درمیان چیف منسٹر بی ایس یدی یورپا نے مُخالفین کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو دہلی گئے تھے انھیں درست جواب کے ساتھ ہائی کمان نے واپس بھیج دیا ہے۔
کچھ وزیروں اور ارکان نے خود کو معزول کرنے کی کوششوں کو نظرانداز کرتے ہوئے یدی یورپا نے کہا کہ کوویڈ۔ 19 کے ساتھ معاملات طے کرنا اور لوگوں کے مفادات کا تحفظ ان کی پہلی ترجیح ہے۔ دہلی کے دورے پر ناراض افراد پر نکتہ چینی کرتے ہوئے یدی یورپا نے کہا کہ اگر کچھ لوگ کہیں جاتے ہیں تو انہیں مناسب جواب کے ساتھ واپس بھیج دیا جاتا ہے۔
سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی برسی کے موقع پر خراج تحسین پیش کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لوگ ابھی بھی بحران کا شکار ہیں۔ کورونا کی وجہ سے اموات کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ وزراء، اراکین اسمبلی اور سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ مل کر لڑیں۔ ہمیں اس پر توجہ دینی چاہئے۔ کورونا کو کنٹرول کرنا ابھی میری پہلی ترجیح ہے۔
اررکان اسمبلی پارٹی کا اجلاس طلب کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر یدی ی نے کہا کہ میڈیا میں اس پر تبادلہ خیال کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ کچھ وزراء اور ارکانِ اسمبلی کے دہلی جانے کے بعد چہارشنبہ کے روز ریاست میں قیادت کی تبدیلی کے بارے میں سیاسی راہداریوں میں قیاس آراؤں کا ایک دور شروع ہوا۔ متعدد سینئر وزراء اور ممبران اسمبلی نے بھی کھل کر اعتراف کیا کہ پارٹی میں یدی یورپا کو ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وزیر سیاحت سی پی یوگیشور اور ہبلی دھارواڑ (مغرب)کے ایم ایل اے اروند بیلڈ نے دہلی کا دورہ کیا اور بہت سے وزراء یدی یورپاکی حمایت میں سامنے آنے کے بعد ان مباحثوں کو تقویت ملی۔ یوگیشور اور بیلڈ چہارشنبہ کی شام دہلی سے واپس آئے تھے۔
دریں اثنا یوگیشور نے کہا کہ دہلی میں ان کی قیادت کا تبدیلی کے چرچے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہ سینئر رہنماؤں سے اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں گفتگو کرنے دہلی گئے تھے۔ قیادت کے معاملے پر یدی یورپا کی حمایت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں یوگیشور نے کہا کہ اگر پارٹی کے پلیٹ فارم پر یہ سوال سامنے آتا ہے تو وہ اپنی رائے دیں گے۔ یوگیشور نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ ان کے دہلی کے دورے سے ہی قیادت میں تبدیلی کے بارے میں قیاس آرائیاں کس طرح شروع ہوئیں۔
یوگیشور نے یدیورپا کے بیٹے اور ریاستی بی جے پی صدر بی وائی وجیندر اور رکن پارلیمنٹ بی وائی راگھویندر کو بھی نشانہ بنایا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست میں کانگریس، جنتا دل ایس اور بی جے پی کی مشترکہ حکومت چل رہی ہے، بی جے پی کی نہیں۔ وزرا کے مابین ہم آہنگی کا فقدان ہے۔ کرونا سے، ہر وزیر کے مختلف بیانات کی وجہ سے کنفیوژن کی صورتحال ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع پرست سیاست 2023 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے لئے بہت مہنگی ثابت ہوگی۔




