محمداعظم شاہد

امریکہ اپنے وسائل اور عالمی سطح پر اس کے اثرورسوخ پر عجلت اوربند آنکھوں سے دھڑا دھڑ فیصلے کررہا ہے – اس کی اجارہ داری اور جارحیت ٹرمپ کے دوبارہ صدر بننے کے بعد مزید بڑھ گئی ہے – ویسے ٹرمپ اپنی بدکلامی، بددماغی اور جاہلانہ سوچ وفکر کیلئے مشہور ہے-دنیا کے ممالک کو اپنی گرفت میں رکھنے اس کی پالیسیاں غیر منطقی اورعالمی امن کی بقاء کے خلاف ثابت ہورہی ہیں – مسلم ممالک امریکہ کے اشاروں پر ناچتے رہے ہیں – مگر ایران کی خودمختاری اور ثابت قدمی امریکہ کیلئے کھٹکتی رہی ہے – نیوکلیئر پاور سے ایران کو دور رکھنے امریکہ کی جارحیت بے اثر ہوگئی تھی- ٹرمپ اب دوبارہ ایران کے ساتھ چھیڑ چھاڑ میں مبتلا ہے-امریکہ امنِ عالم کیلئے خود کو علمبردار تسلیم کرواتا رہا ہے -ایک طرف جنگ کے خلاف تخفیف اسلحہ کا پروپیگنڈہ کرتا رہا ہے تو دوسری جانب جنگی اسلحہ کی تیاری میں فوقیت حاصل کرنے کی دوڑ میں آگے رہا ہے – اوراسلحہ کی تجارت کے ذریعہ دولت بٹورنے میں مصروف بھی رہتا ہے۔ جوبائیڈن کی میعاد کے بعد ٹرمپ کی الیکشن میں جیت سے یہ گمان کیا جارہا تھا کہ وہ مسلم ممالک اور مسلمانوں کے ساتھ رواداری کا رویہ استوار رکھے گا-مگر یہ محض خوش فہمی ثابت ہوئی- امریکہ کے قومی انتظامیہ میں یہودیوں کی بہتات ہے اوراہم ذمہ داریوں پر وہی (یہودی) فائز رہے ہیں اورامریکہ اسرائیل کی حمایت میں سب سے آگے رہا ہے -اکتوبر 2023 سے تاحال غزہ پر اسرائیل کے مظالم میں ہرگذرتے شب وروز کے ساتھ اضافہ امریکہ کی غیر مشروط حمایت اورسرپرستی سے ہوتا رہا ہے -غزہ کی بربادی کے بعد فلسطینیوں کو اپنی زمین سے پوری طرح محروم کرنے امریکہ نئی نئی سازشیں رچا رہا ہے – کبھی غزہ میں بسے فلسطینیوں کو پڑوسی ممالک میں بسانے کا منصوبہ بنایا جاتا ہے تو کبھی مسلم ممالک میں غزہ کے اجڑے ہوئے ستم رسیدہ فلسطینیوں کو بسانے کا سجھاؤ پیش کرتا ہے امریکہ-فلسطینی کاذ کی حمایت میں اٹھنے والی ہر آواز کے خلاف امریکہ منصوبہ بند تادیبی کارروائی کرنے پر آمادہ رہتا ہے – امریکہ میں مقیم روشن خیال مقامی باشندے اور دیگر ممالک کے مہاجر بالخصوص حقوقِ انسانی کے تحفظ کیلئے متحرک احباب نے غزہ میں اسرائیل کی بربریت، فلسطینیوں کی نسل کشی اور امریکہ کی حمایت کے خلاف احتجاج، مظاہرے اورجنگ کے خاتمے کیلئے آواز بلند کرتے رہے ہیں – امریکہ میں مقیم ان جہدکاروں کی غزہ سے ہمدردی ٹرمپ انتظامیہ کو چبھتی رہی ہے – اسی لئے اب امریکی حکومت اسرائیل کی حمایت میں نئے فیصلے اور نئی پالیسیوں کا یکے بعد دیگرے اعلان کررہی ہے –
ابھی گذشتہ ہفتہ ٹرمپ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ جو غیرملکی طلبہ امریکہ میں زیرتعلیم ہیں اورتعلیم کی تکمیل کے بعد ملازمتوں اوردائمی رہائش (شہریت) کے آرزومند ہیں،ان کے لئے وارننگ (تنبیہ) جاری کی گئی ہے -وہ یہ کہ سوشیل میڈیا پر اگر کسی نے یہودی مخالف مواد پوسٹ کیا یا پھر امریکہ جن کو دہشت گرد تنظیمیں گردانتا ہے جیسے غزہ کی حماس، لبنان کی حزب اللہ اوریمن کی حوثی، ان کی حمایت میں اگر کوئی بیان، رائے یا حمایتی پوسٹ سوشیل میڈیا پر پوسٹ کی گئی تو امریکی تفتیشی ذرائع اس کا پتہ لگائیں گے اور ان احباب پر جو طلبہ ہیں یا دیگر جو امریکہ میں بیرون ممالک سے مقیم ہیں ان کے ویزا فوری طورپر منسوخ کردئے جائیں گے اور گرین کارڈ یا دائمی رہائش کیلئے داخل کی گئی عرضیاں بھی خارج کردی جائیں گی- ابھی چند دن پہلے تقریباً تین سو غیرملکی احباب کے ویزا منسوخ کردئے گئے ہیں -رپورٹوں کے مطابق امریکہ میں مقیم غیرملکی زیرملازمت پروفیسرس اور روشن خیال احباب جنہوں نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور مظالم کے خلاف کچھ لکھا اور مظاہروں میں شرکت کی، انہیں امریکہ سے نکال باہر Deport کرنے کے احکامات جاری کئے جارہے ہیں -امریکہ کی کئی یونیورسٹیوں میں جہاں طلبہ نے فلسطین کی حمایت میں اسرائیل کے خلاف احتجاج اور مظاہرہ کئے ان یونیورسٹیوں کیلئے جو امریکی حکومت کی جانب سے مالی تائید کی جاتی تھی، اس تائید میں کٹوتی کی جارہی ہے -امریکہ میں امن پسند یہودیوں نے پچھلے دو سالوں میں اسرائیل کی غزہ میں خونریزی کے خلاف بہت بڑا احتجاج نیویارک میں Not in our name (مگر ہمارے نام سے نہیں) کہاکہ امن پسند اورجنگ کے خلاف یہودیوں کے نام پر اسرائیل کی جارحیت اور امریکہ کی اسرائیل کو حمایت انہیں (امن پسند یہودیوں کو) پسند نہیں ہے – بائیڈن حکومت کی جو دوستانہ خیرسگالی ویزا پالیسی تھی، اس کے برخلاف ٹرمپ انتظامیہ اپنی گرفت ہر معاملے میں بنائے رکھنے کے خطرناک موڑ پر آگئی ہے – ہوم لینڈ سکیورٹی کرسٹی نویم نے ویزا منسوخی کے معاملے کو منظوری دی ہے – اس محکمہ کے سرکاری ترجمان ٹریسیا میک لاگھن نے خبردار کرواتے کہا ہے کہ اگر کوئی امریکہ آکر یہود دشمن Anti-Semitic بیانات دے گا اور آزادیئ اظہار خیال کے نام پر تشدد اور دہشت گردی کی حمایت کرے گا، ایسے لوگوں کو بخشا نہیں جائے گا – ایسے لوگوں کو امریکہ کی ضرورت ہی نہیں ہے -امریکہ سے متعلق سابق امریکی صدر جان ایف کینڈی John F. Kennedy نے کہاتھاکہ”امریکہ مہاجروں کا ملک ہے“ مگر بتدریج امریکہ انتظامیہ موقف میں تبدیلی آتی رہی ہے -حیرت انگیزطور پر وزارت خارجہ کے سکریٹری مارکو روبیؤ نے کہا ہے کہ مقامی امریکی لوگوں کیلئے (باشندوں) جو شہری حقوق حاصل ہیں وہ غیرملکی امریکی باشندوں کیلئے نہیں ہیں اورویزا کے قوانین (ملک میں داخلے کے قوانین) کا اطلاق حکومت کے اختیار میں ہیں (جن میں تبدیلیاں حکومت کے فیصلوں کے مطابق ہوں گے)
امریکہ میں ٹرمپ انتظامیہ کے یہودحمایت پالیسی اورقوانین پر امریکہ میں بحث چھڑی ہوئی ہے کہ کس طرح مقامی وغیرمقامی باشندوں کے درمیان امتیازی سلوک برتا جاتا ہے – شہری قوانین اور اظہارخیال کی آزادی کے خلاف امریکی آئین کے رہنما مراعات اوراصولوں کی یہ خلاف ورزی ہے -یہ حقیقت اظہر من الشمس ہے کہ امریکہ کو غیرملکی باشندوں نے ہر اعتبار سے سربلند کیا ہے اس کو ثروت مند بنایا ہے -مگر اب اسرائیل کی غزہ میں بے رحمانہ جارحیت کی بھرپور حمایت میں امریکی رواداری کی وراثت اور وسیع النظری اب داؤ پر لگی ہوئی ہے -غزہ کی حمایت میں اسرائیل کے خلاف کسی بھی طرح کا بیان یا سوشیل میڈیا پر پوسٹ اب غیرملکیوں کیلئے سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے -ٹرمپ پوری دنیا کو یہ باورکروانے کی کوشش کررہا ہے کہ وہ عالمی سطح پر سوپرپاور ہے -جو چاہے وہ من مانی کرسکتا ہے -وہی قاتل وہی شاہد وہی منصف-




