ٹرمپ کا”غزہ منصوبہ“انتہائی شرمناک

محمد اعظم شاہد

پچھلے پندرہ مہینوں میں اسرائیلی حملوں نے غزہ پٹی کو ملبہ میں تبدیل کرکے رکھ دیاہے۔ 19/جنوری2025کو ہوئے عارضی جنگی معاہدے کے مطابق اگلے چھ ہفتوں کے دوران حماس بتدریج مرحلہ وار اسرائیلی یرغمال اور قیدیوں کو رہا کرے گا۔ جس کے بدلے میں اسرائیل ہر مرحلے میں سینکڑوں (سو سے زیادہ)فلسطینی یرغمال اور قیدی رہا کرے گا۔ابھی یہ سلسلہ چل ہی رہا تھا،مگر اب پچھلے ہفتے سے ایسے حالات بن رہے ہیں جنہیں دیکھ کر یوں لگ رہا ہے کہ عارضی جنگ بندی معاہدہ کسی بھی وقت ٹوٹ سکتا ہے اور جنگ دوبارہ شروع ہوسکتی ہے۔ اور اس طرح قتل وغارت گری کا ماحول دوبارہ شروع ہوجائے گا،جس کے لیے اسرائیل امریکہ کی سرپرستی اور حمایت حاصل کرتے ہوئے حماس کے خلاف تیار کھڑا ہوا ہے۔ جیسے ہی عارضی جنگ بندی معاہدہ کانفاذ شروع ہوا، اسرائیل نے سازشی رکاوٹیں پیداکرنے کا آغاز کردیا۔اس الزام پر کہ حماس جنگ بندی معاہدے کے تحت اسرائیلی یرغمالوں کی رہائی میں تاخیر کررہا ہے۔ غزہ پٹی کے ایک پناہ گزیں علاقے پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں تقریباً اَسّی فلسطینی مارے گئے، جن میں بچے اور خواتین بھی شامل تھے۔ غزہ کی جانب لوٹ رہے فلسطینیوں کو راستے میں روکا گیا اور دھمکیاں دی جاتی رہیں۔ یہ سب جنگ بندی کے باقاعدہ اعلان کے بعد بے ایمانی سے ہوتا رہا۔ اپنے مکانوں کو ملبہ اور کھنڈرات میں تبدیل دیکھ کر واپس ہورہے غزہ کے فلسطینی خود کو محروم اور بے بس محسوس کررہے تھے کہ کیسے اور کس طرح دوبارہ کھنڈرات کا ملبہ صاف ہو اور تعمیرات شروع ہوں اور باز آبادکاری کا سلسلہ شروع ہو۔اپنے مادر وطن میں ہر حال میں راکھ سے ازسر نواٹھ کر اپنی شناخت قائم کرنے پر عزم اہل غزہ سوچ ہی رہے تھے کہ امریکی صدر نے ایک نیا شوشہ چھوڑدیا۔ٹرمپ نے اہل غزہ کی مشکلات حل کرنے کے نام پر غزہ سے لگے پڑوسی ممالک مصر اور اردن کو مشورہ دیا کہ اپنے ممالک میں غزہ کے باشندوں کو سکونت فراہم کریں۔یعنی اہل غزہ کو ان کی اپنی زمین سے منتقل کرنے کی آواز دے کر ٹرمپ نے خطے میں ماحول کو بگاڑنے کی قصداً مذموم کوشش کی ہے۔ عرب ممالک کی تنظیم عرب لیگ نے ٹرمپ کے اس مشورہ کی مذمت کی اور اعادہ کیا کہ دوریاستی فارمولے پر عمل پیرا ہوکر غزہ کو دوبارہ بسانے کی جانب کوشش کرنی ہوگی۔ حالات نے پھر یہ رُخ موڑا کہ ٹرمپ نے’غزہ منصوبہ‘Gaza planکا اعلان کردیا۔ اس حیرت ناک منصوبے کے مطابق ٹرمپ نے کہا ہے کہ اہل غزہ کو غزہ لوٹنے کی ضرورت ہی نہیں ہے، کیونکہ کھنڈرات میں تبدیل شدہ غزہ میں بازآبادکاری Rehabilitation مشکل ترین مرحلہ ہے۔ اس منصوبے کی سعودی عرب،مصر،قطر،اُردن اور اب ترکی نے بھرپور مذمت کی ہے۔ کہاگیا ہے کہ کوئی بھی طاقت فلسطینیوں کو ان کی زمین اور وطن سے دستبردار اور محروم کرنہیں سکتی۔یہ عالمی بنیادی حق شہریت کی خلاف ورزی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ٹرمپ کے منصوبے کا خیرمقدم کیاہے۔ واضح ہے کہ اسرائیل اور امریکہ غزہ کے وجود کے خاتمے کے درپے ہیں۔
ابھی دو دن قبل دس فروری کو ٹرمپ نے ایک بار پھر ہرزہ سرائی دہراتے ہوئے غزہ کو خریدنے اور اس کی ملکیت حاصل کرنے کا عزم جتاتے ہوئے اپنی بے شرمی اور بے عقلی کا ثبوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی طرح حماس غزہ کی نگرانی کرنے سے محروم ہوجائے۔ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ غزہ کو خریدنے اور مالک بننے کا عزم رکھتا ہے۔ گویا امریکہ ہی پوری دنیا کا ٹھیکیدار اور رکھوالاہے،یہ جتاتے ہوئے ٹرمپ نے رحم دلی کااظہار ان معنوں میں کیاہے کہ اگر مشرق وسطیٰ کی دوسری ریاستیں غزہ پٹی کے کچھ حصوں کی تعمیر نو کا ارادہ رکھتی ہیں تو امریکہ کی سرپرستی میں وہ ایسا کچھ کرسکتے ہیں۔ مضحکہ خیز بیان دیکھئے ٹرمپ نے کہا ہے کہ حماس کبھی بھی غزہ میں قدم جمانہیں سکے گا۔اور غزہ کے لوگ واپس غزہ کو جاکر کیا کریں گے، کیونکہ وہاں کچھ بھی باقی نہیں ہے۔ سب کچھ ختم ہوچکا ہے۔ یہاں سب کچھ منہدم ہوچکا ہے اور جو کچھ بچ گیا ہے اس کو مسمار کردیاجاے گا۔ اس بیان پر سعودی عرب نے جرأتمندانہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتہاپسند قابض ذہنیت فلسطینی علاقائیت کا مطلب سمجھنے سے قاصر ہے۔ فلسطینی سرزمین فلسطین کے عوام کے لیے جذباتی،تاریخی اور قانونی تعلق رکھتی ہے۔ امریکہ اور اسرائیل کی انتہاپسندسازشی ذہنیت اس حقیقت سے چشم پوشی کررہی ہے کہ فلسطینیوں کو اپنی زمین پر زندگی گزارنے کا بنیادی حق حاصل ہے۔ اسی تخریبی ذہنیت نے غزہ کے بیس لاکھ باشندوں کی زندگی اجاڑ کر رکھ دی ہے۔ اسی غاصبانہ ذہنیت پر سعودی عرب نے کھل کر مذمت کرتے ہوئے امریکہ سے کہا ہے کہ پندرہ مہینوں میں 47ہزار اہل غزہ جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی تھی انہیں شہید کردیاگیا اور ایک لاکھ سے زائد افراد کو زخمی کیاہے۔ اپنی بیان بازی کے لیے مشہور ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے امریکی صدر ٹرمپ کے غزہ منصوبہ پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی طاقت فلسطینیوں کو ان کے مادر وطن سے الگ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا ہے کہ غزہ پٹی، ویسٹ بینک اور مشرقی یروشلم فلسطینیوں کا ہے۔ ٹرمپ کا غزہ منصوبہ ہماری نظر میں بات چیت کے لائق ہی نہیں ہے۔
غزہ میں امن کے قیام سے پہلے ہی ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ عارضی جنگی معاہدے کی 42ہفتوں کی میعاد سے پہلے ہی حالات بگڑ سکتے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے اعادہ کیا ہے کہ وہ دوبارہ جنگ کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے دو دن قبل حماس کو ایک اور دھمکی دے رکھی ہے کہ15/فروری کو جنگی معاہدہ کا پہلا مرحلہ ختم ہونے سے پہلے تمام اسرائیلی یرغمالوں کو وہ رہا کردے۔ ورنہ جنگ بندی معاہدہ ختم ہوسکتا ہے۔ اور غزہ پر دوبارہ قہر ٹوٹ پڑسکتا ہے۔ حماس نے جنگی معاہدے کے مطابق اسرائیل کے ضوابط کا خیال رکھا لیکن حماس کے مطالبات پر اسرائیل سنجیدہ نہیں ہے اور وعدہ خلافی کررہاہے۔خاکستر غزہ کے خاتمے کی سازشیں کیا رخ اختیار کرتی ہیں آنے والے دنوں میں یہ واضح ہوجائے گا۔ہر اعتبار سے امریکہ کی من مانی انتہائی شرمناک ہے۔

Latest Indian news

Popular Stories