ماں کے آنچل تلے

تحریر: عبداللہ آزاد، سی آر پی شاہ گنج، بیدر

“میں گھر میں سب سے چھوٹا تھا، میرے حصے میں ماں آئی۔”

اردو کے عظیم شاعر منور رانا نے اولادِ اصغر کا فسانہ تو اپنے کلام میں سنا دیا، مگر میں گھر میں سب سے بڑا ہوں، اس لیے میرے حصے میں صرف ماں ہی نہیں بلکہ کئی ذمہ داریاں بھی آئیں۔
جس دور میں یومِ پیدائش کی تقریبات پر بحث چھڑ جاتی ہے، وہاں میں اپنے والدین کو ماں باپ بننے کے دن کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میری پیدائش کے ساتھ ہی میری امّی کو یہ احساس ہوا کہ اُن کے قدموں تلے جنت آگئی، اور میرے بابا جنت کے بابُ الدُّخول بن گئے۔
اگر اولاد اکلوتی ہو تو ماں باپ کی محبت بے تحاشا محسوس ہوتی ہے اور امیدیں بھی اُسی مناسبت سے وابستہ ہوتی ہیں، جبکہ کثرتِ اولاد میں باپ کی محبت تو بٹ جاتی ہے، مگر ماں کی محبت کبھی تقسیم نہیں ہوتی۔ سماج، اولادِ اکبر کو ذمہ داریوں کا احساس دلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتا۔ باپ بھی بھرپور کوشش کرتا ہے کہ بڑا بیٹا جانشینی کے لائق بنے، چاہے وہ اکلوتا ہی کیوں نہ ہو۔
فلم مغلِ اعظم کی کہانی بڑی حقیقت پسند معلوم ہوتی ہے۔ اکلوتے بیٹے شہزادہ سلیم کے جنگ سے لوٹنے پر ماں جودھا بائی کی ممتا کا کوئی مول نہیں۔ اولاد کے انتظار کی گھڑیوں کا حساب گویا موتیوں سے کیا جاتا ہے۔ ماں کی ممتا اپنے ظرف کا بھی لحاظ نہیں کر پاتی۔ باپ کی عطا کردہ رَن بھومی اور سیاست کو بے معنی سمجھنے والی ہستی ماں ہی ہوتی ہے، جبکہ اس کے برعکس باپ جنگی لباس میں اپنے بیٹے کا نہیں بلکہ ہندوستان کے ایک مضبوط سپاہی کا استقبال کرتا ہے۔
کثرتِ اولادِ نرینہ میں ماں کی محبت کچھ حد تک تقسیم ہوتی ہوئی محسوس ضرور ہوتی ہے۔ وقت اور حالات کے ہاتھوں ایک ماں کی فطری ممتا موتیوں کی مانند خاردار جھاڑیوں میں بکھر جاتی ہے۔ جب ایک عورت کے سامنے شوہر اور اولاد میں سے کسی ایک کے انتخاب کی نوبت آجائے، تب بیوی کی ذمہ داری غالب آجاتی ہے اور ماں اپنے دل پر پتھر رکھ کر اولاد کو اپنے باپ کی فرماں برداری کا احساس دلاتی ہے، ورنہ ماں کبھی اپنی اولاد کو نظروں سے اوجھل ہونے نہیں دینا چاہتی۔
اکثر دیکھا جاتا ہے کہ اولادِ اصغر کے حصے میں صرف ماں ہی نہیں بلکہ ماں کی ممتا بھی زیادہ آجاتی ہے، کیونکہ سماج کی عطا کردہ ذمہ داریاں بڑی اولاد کو تھکنے نہیں دیتیں، اور اگر وہ تھک بھی جائیں تو اُنہیں ماں کے آنچل جیسے سکون کی تلاش رہتی ہے۔ ماں اپنی اولاد کا ہر دکھ سُن لیتی ہے، اطمینان بخش دلاسہ دیتی ہے اور منتظر رہتی ہے کہ اولاد کبھی خوشی کی خبر بھی سنائے تاکہ اُس کے کلیجے کو ٹھنڈک پہنچے۔
ماں کا دیا ہوا دلاسہ ہی انسان کو نیکی اور بدی کا راستہ سمجھاتا ہے۔ مولانا پالن حقانی سے منسوب ایک قول ہے کہ اگر ماں نیک ہو تو اُس کے بطن سے خالد بن ولید اور طارق بن زیاد جیسے عظیم کردار پیدا ہوتے ہیں، اور اگر تربیت بُری ہو تو ہامان، شداد اور نمرود جیسے لوگ جنم لیتے ہیں۔ اس لیے ایک نیک ماں پوری قوم کی تقدیر بدل سکتی ہے۔

Latest Indian news

Popular Stories