اردو ادب کی بساط: خالی ہوتے خانے

ڈاکٹر انیس صدیقی

یہ قصہ کم و بیش پانچ برس ادھر کا ہے۔ کرناٹک اردو اکادمی، بنگلور نے ریاست کے اردو قلم کاروں کی ایک جامع ڈائریکٹری مرتب کرنے کا عزم کیا اور اس کی ترتیب و تدوین کی ذمہ داری کا ہما راقم کے سر رکھا گیا۔ مطلوبہ کوائف کے حصول کی خاطر ایک مفصل سوال نامہ تیار کیا گیا اور اخبارات، سوشل میڈیا نیز شخصی رابطوں کے ذریعے اربابِ قلم تک رسائی کی سعی کی گئی۔ چھ سے آٹھ ماہ کی پیہم تگ و دو کے بعد 360 سوانحی خاکے موصول ہوئے، جنہیں حک و تنقیح کے مراحل سے گزارنے کے بعد 244 قلم کاروں کا انتخاب عمل میں آیا۔
اس ڈائریکٹری کے مندرجات جہاں کہنہ مشق ادیبوں، شعرا اور صحافیوں کی جولان گاہ بنے نظر آتے ہیں، وہیں ایک تشویش ناک پہلو یہ بھی اجاگر ہوا کہ ان میں چالیس برس سے کم عمر لکھاریوں کی تعداد پانچ فیصد بھی نہیں ہے۔ یہ اعداد و شمار اس تلخ حقیقت کا بین ثبوت ہیں کہ اردو ادب کی بساط نو آموز قلم کاروں سے خالی ہوتی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں ادبی محافل، مشاعرے اور سیمینارز بھی آج نئی نسل کی بے رخی اور سرد مہری کا نوحہ پڑھتے نظر آتے ہیں۔ ان نشستوں میں کہن سال حضرات کی موجودگی تو نمایاں ہے، لیکن وہ ‘تازہ خون’ مفقود ہے جو کسی بھی علمی و ادبی تحریک کی روح اور اس کے مستقبل کا ضامن ہوتا ہے۔ یہ صورتِ حال اس اندوہناک حقیقت کا پیش خیمہ ہے کہ نوخیز نسل کا رشتہ قرطاس و قلم سے ٹوٹ رہا ہے اور ہماری قدیم ادبی روایت اب اس لرزتی ہوئی شمع کی مانند ہے جس کی ضیا مخصوص حلقوں تک سمٹ کر رہ گئی ہے۔
مادہ پرستی کے غبار میں گم گشتہ یہ نسل شاید یہ فراموش کر بیٹھی ہے کہ ادب سے دوری محض الفاظ سے دوری نہیں، بلکہ اپنی روح، اپنی جڑوں اور ان اعلیٰ اقدار سے انحراف ہے جو انسان کو مٹی کے ڈھیر سے نکال کر ‘اشرف المخلوقات’ کے منصبِ جلیل پر فائز کرتی ہیں۔ لغوی اعتبار سے ‘ادب’ تہذیب، شائستگی اور سلیقہ مندی کا استعارہ ہے، جبکہ اصطلاحی مفہوم میں یہ اس تخلیقی جوہر اور اعجازِ بیانی کا نام ہے جو انسانی مشاہدات، تجربات اور لطیف قلبی واردات کو الفاظ کے ایسے حسین قالب میں ڈھال دے کہ قاری کا ذوقِ سلیم وجدانی کیفیت سے سرشار ہو جائے۔ سچا ادب محض خشک معلومات کی ترسیل نہیں، بلکہ روح کی پکار اور زندگی کی حقیقی ترجمانی ہے۔ یہ نوجوانوں کے تلاطم خیز جذبات کو توازن، فکر کو وسعت اور اخلاق کو وہ رفعت عطا کرتا ہے جو انہیں ایک بیدار مغز اور ذمہ دار انسان بناتی ہے۔
موجودہ عہد میں نوجوان نسل کی شعری و ادبی بیگانگی محض اتفاق نہیں، بلکہ اس المیے کے پسِ پردہ متعدد مسموم عوامل اور معاندانہ محرکات کارفرما ہیں۔ سب سے بنیادی سبب یہ ہے کہ ہمارے گھروں میں اردو اب مطالعے کی زبان کے بجائے محض سطحی بول چال کا ذریعہ بن کر رہ گئی ہے۔ ایک وہ دور تھا جب اردو اخبارات اور رسائل ہر گھر کی زینت ہوا کرتے تھے۔ بچوں کی فکری آبیاری کے لیے ’کھلونا‘ اور ’نور‘، خواتین کے لیے ’حجاب‘، ’بانو‘ اور ’خاتونِ مشرق‘، جبکہ علمی و ادبی ذوق کی تسکین کے لیے ’بیسویں صدی‘، ’شمع‘، ’ہما‘ اور ’شبستان‘ جیسے جرائد پابندی سے منگوائے جاتے تھے۔ اسی طرح ’ہدیٰ‘، ’تجلی‘ اور ’منادی‘ جیسے رسائل نہ صرف مذہبی رہنمائی فراہم کرتے بلکہ زبان و بیان کی چاشنی سے بھی روشناس کرواتے تھے۔ بدقسمتی سے آج ٹیکنالوجی کی یلغار اور سوشل میڈیا کی بے ہنگم مصروفیت نے کتاب اور قاری کا رشتہ منقطع کر دیا ہے۔ گھروں سے رسائل رخصت ہوئے تو لفظوں کی حرمت اور مطالعے کی روایت بھی دم توڑ گئی۔
گھروں سے رسائل کی رخصتی کے ساتھ ساتھ ایک بڑا المیہ عوامی کتب خانوں اور محلوں کی سطح پر ریڈنگ رومز کے کلچر کا یکسر خاتمہ بھی ہے۔ ایک دور تھا جب ہر بستی میں موجود یہ چھوٹے چھوٹے مراکز نئی نسل کی علمی تشنگی بجھانے کا سہل ذریعہ تھے، مگر آج ان کا وجود ہی مٹ چکا ہے۔ ان مراکز کی عدم موجودگی نے اس عوامی ذوقِ مطالعہ کو مفلوج کر دیا ہے جو کسی بھی زندہ معاشرے کی پہچان ہوتا ہے۔
نوجوان نسل کی ادب سے دوری کا ایک اور بنیادی سبب انگریزی کا استعماری غلبہ اور لسانی مرعوبیت ہے۔ موجودہ دور میں انگریزی کو ‘معاشی ناگزیریت’ سے تعبیر کر کے اردو کے ساتھ سوتیلا سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔ کارپوریٹ کلچر اور اعلیٰ تعلیم کے تقاضوں نے نئی پود میں یہ احساسِ کمتری جاگزیں کر دیا ہے کہ اردو ادب سے لگاؤ شاید ذہنی پسماندگی یا قدامت پرستی کی علامت ہے۔
اردو زبان و ادب سے نئی نسل کی بڑھتی ہوئی دوری کے پسِ پشت جہاں دیگر عوامل ہیں، وہیں اردو اساتذہ کی سہل انگاری اور علمی بے اعتنائی بھی کارفرما ہے۔ وہ اساتذہ، جن کے منصب کا بنیادی تقاضا طلبہ کے تشنہ ذہنوں میں ادبی ذوق کی آبیاری کرنا اور انہیں شعر و سخن کی لطافتوں سے آشنا کرنا ہے، وہ خود شوقِ مطالعہ اور ذوقِ سلیم سے عاری نظر آتے ہیں۔ جب استاد کا اپنا دامنِ علم مطالعے کی وسعتوں سے خالی ہو، تو تدریس کا عمل ایک بے جان اور میکانیکی مشق بن کر رہ جاتا ہے، جو طلبہ کے دلوں میں ادب کی تئیں کوئی کشش پیدا کرنے میں ناکام رہتا ہے۔ اساتذہ کی اکثریت میں پایا جانے والا یہ علمی فقدان نہ صرف نئی نسل کو اپنی تہذیبی جڑوں سے کاٹ رہا ہے، بلکہ اردو کی ادبی روایت کی نسل در نسل منتقلی میں بھی سدِ راہ ہے۔ جب تک اساتذہ خود کو مطالعے کی لذت اور علمی جستجو سے منور نہیں کرتے، تب تک نئی نسل میں ادب کا چراغ روشن کرنا ایک خوابِ لاحاصل ہی رہے گا۔
نئی نسل کے ادب سے تغافل کی ایک بڑی وجہ ڈیجیٹل یلغار اور سوشل میڈیا پر پھیلا سطحی مواد ہے، جس کے غلبے نے نئی نسل میں عمیق مطالعے اور فکرِ سلیم کی صلاحیت کو مفلوج کر دیا ہے۔ اردو ادب کی تفہیم جہاں صبر، ریاضت اور ذہنی غواصی کی طالب ہے، وہاں دورِ حاضر کا نوجوان ‘فوری تسکین’ کے سحر میں مقید ہو کر رہ گیا ہے۔ مطالعے کی اس روایتی ثقاہت کی جگہ اب محض سرسری نظر اور وقتی لذت نے لے لی ہے، جو سنجیدہ علمی ذوق کے لیے زہرِ ہلاہل ہے۔
شعر و ادب سے شیفتگی اور قلبی وابستگی، دراصل اس کے رسم الخط سے مشروط ہے۔ آج کی نوخیز نسل اگر اپنے گراں قدر علمی و ادبی ورثے سے کٹ کر رہ گئی ہے، تو اس کا بنیادی سبب اردو رسم الخط سے ناآشنائی اور ‘رومن اردو’ کا وہ غیر فطری چلن ہے جس نے تحریر کے حسن کو گہنا دیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ رسم الخط سے دوری محض چند حروف کی پہچان کھونا نہیں، بلکہ یہ اپنے ماضی، اپنی تہذیبی شناخت اور صدیوں پر محیط علمی سرمائے سے انقطاع کے مترادف ہے۔
الغرض، اردو ادب کی بساط پر خالی ہوتے یہ خانے محض ایک لسانی بحران نہیں بلکہ ہماری تہذیبی اساس کے منہدم ہونے کا پیش خیمہ ہیں۔ اگر ہم اس گراں قدر علمی و ادبی ورثے اور شاندار روایت کو مٹنے سے بچانا چاہتے ہیں، تو ہمیں ہنگامی بنیادوں پر ایک ہمہ گیر تحریک کا آغاز کرنا ہوگا۔
اس سلسلے میں سب سے پہلا قدم گھریلو فضا کی ادبی تطہیر ہے۔ والدین پر یہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بھلے ہی انگریزی میڈیم اسکولوں میں تعلیم دلائیں، مگر انتخاب ایسے اسکولوں کا کریں جہاں تیسری زبان کی حیثیت سے اردو پڑھائی جاتی ہو، تاکہ بچہ کم از کم اپنی مادری زبان لکھنا اور پڑھنا سیکھ جائے۔ ساتھ ہی اپنے گھروں میں کتب بینی کی روایت کو دوبارہ جلا بخشیں، کیونکہ ذوقِ سلیم کی آبیاری کا پہلا مدرسہ ماں کی گود اور گھر کا ماحول ہی ہوتا ہے۔ جب تک گھروں میں اردو رسائل اور کتابوں کی خوشبو نہیں بسے گی، نئی نسل کا رشتہ اپنی جڑوں سے استوار نہیں ہو سکے گا۔ نیز وقت کا تقاضا ہے کہ کتاب اور قاری کے ٹوٹے ہوئے رشتے کو استوار کرنے کے لیے محلوں کی سطح پر ریڈنگ رومز کے احیا کی سنجیدہ فکر کی جائے۔
دوسرے مرحلے پر ہمیں ‘رومن اردو’ کے غیر فطری اور مسموم چلن کا سدباب کرنا ہوگا، جس نے نئی نسل کو اپنے ہی رسم الخط سے بیگانہ کر کے رکھ دیا ہے۔ ہمیں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اردو کے اصل ‘نستعلیق’ خط کو فروغ دینا ہوگا تاکہ تحریر کا حسن اور لسانی تشخص برقرار رہ سکے۔ ساتھ ہی، جدیدیت اور روایت کا سنگم تخلیق کرنا وقت کی اہم پکار ہے۔ کلاسیکی شاہکاروں کو پوڈ کاسٹ، آڈیو بکس اور دیدہ زیب ایپس کے ذریعے نوجوانوں کے ذوقِ جدید کے قریب لانا ہوگا۔ تعلیمی سطح پر نصابِ اردو کو قدامت پسندی کے خول سے نکال کر عصرِ حاضر کے نفسیاتی و معاشی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا، تاکہ اساتذہ اسے محض ایک لازمی مضمون نہیں بلکہ ایک ‘تہذیبی امانت’ سمجھ کر پڑھائیں۔
اردو کی حقیقی بقا اس حقیقت میں پنہاں ہے کہ ہم اپنی تہذیبی جڑوں کو ادب کے آبِ حیات سے سیراب کریں۔ یہ محض لفظوں کی بازی گری نہیں، بلکہ ہماری شناخت کی ضامن اور مستقبل کا روشن استعارہ ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ادب کی اس شمع کو دوبارہ فروزاں کریں جو ماضی کی عظمت اور مستقبل کی رفعت کے درمیان ایک پل کا کام کرتی ہے، قبل اس کے کہ اردو ادب کی اس بساط کے سارے خانے خالی ہو جائیں اور ہم اپنی ہی تاریخ کے کھنڈرات میں گم ہو کر رہ جائیں۔

Latest Indian news

Popular Stories