یادگیر: کرناٹک کے ضلع یادگیر میں انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی (SIR) سے قبل جاری ووٹر میپنگ کا عمل 96.27 فیصد مکمل کرلیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر راہول پانڈوے نے 5 جون کو یادگیر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا (ECI) کی ہدایات کے مطابق سال 2002 کی انتخابی فہرست کو بنیادی معیار (بینچ مارک) مانتے ہوئے موجودہ 2025 کی ووٹر لسٹ کا تقابلی جائزہ لیا جارہا ہے۔ اسی سلسلے میں ووٹروں کی میپنگ کا عمل انجام دیا جارہا ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق 2025 کی ووٹر فہرست کے تحت ضلع میں مجموعی طور پر 10 لاکھ 53 ہزار 496 رائے دہندگان اہل قرار دیے گئے ہیں، جن میں سے اب تک 10 لاکھ 14 ہزار 221 ووٹروں کی شناخت اور میپنگ مکمل ہوچکی ہے، جو کہ مجموعی تعداد کا 96.27 فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ 39 ہزار 275 ووٹروں کی توثیق کا عمل جاری رہے گا۔ ان میں بعض افراد کے انتقال کرجانے، دوسرے مقامات پر منتقل ہونے یا ایک سے زائد مرتبہ نام درج ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔راہول پانڈوے نے واضح کیا کہ کسی بھی ووٹر کا نام اچانک فہرست سے حذف نہیں کیا جائے گا۔ جن ووٹروں کا سراغ نہیں مل سکا ہے، انہیں نوٹس جاری کرکے مکمل جانچ کی جائے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ بوتھ لیول آفیسرس (BLOs) 30 جون سے 29 جولائی تک گھر گھر جاکر ووٹروں کی تفصیلات پر مشتمل مردم شماری فارم تقسیم کریں گے۔ ووٹرز سے مطلوبہ دستاویزات خود تصدیق (Self-Attestation) کے ساتھ حاصل کیے جائیں گے، جس کے بعد تمام معلومات ایک خصوصی ایپ میں اپ لوڈ کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق مردم شماری فارم میں درج تفصیلات پر مشتمل ابتدائی ووٹر فہرست 5 اگست کو شائع کی جائے گی۔ اس کے بعد 5 اگست سے 4 ستمبر تک اعتراضات وصول کیے جائیں گے، جبکہ تمام اعتراضات کو 3 اکتوبر تک نمٹا دیا جائے گا۔ حتمی ووٹر فہرست 7 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رمیش کولار بھی موجود تھے۔
بہ شکریہ دی ہندو




