گزشتہ دنوں اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور وزیر اعظم نریندر مودی کے بیچ ناراضگیوں کی خبروں کے بیچ یوگی کی دہلی ملاقات نے اندیشوں پر فل سٹاپ لگا دیا تھا۔لیکن بعد کے واقعات نے یہ ثابت کر دیا کہ بی جے پی کے اندر ہی یوگی کے خلاف مورچہ اب بھی جاری ہے اور سب کچھ ٹھیک ہونے کا ڈرامہ حقیقت کے خلاف ہے۔
یوگی کے نائب اور کسی زمانہ میں چیف منسٹر کی کرسی کے امیدوار کیشو پرساد موریہ نے گزشتہ دنوں ایک میڈیا بیان میں کہا تھا کہ یوپی میں اگلا چیف منسٹر کون ہوگا اور پارٹی کس چہرہ کے ساتھ الیکشن میں اترے گی یہ تو اعلی قیادت ہی طے کرے گی۔یوگی آدتیہ ناتھ کے ہوتے ہوئے ان کے نام کی تصدیق کرنے کے بجائے اعلی قیادت کا حوالہ دے دینا یہ واضح اشارہ ہے کہ یہاں ناراضگیاں عروج پر ہے۔
مرکزی وزیر راجناتھ سنگھ نے گزشتہ روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے صفائی دی کہ یوگی آدتیہ ناتھ ہی یوپی میں پارٹی کا چہرہ ہونگے لیکن خود ایک طرف کر دیے گئے راجناتھ سنگھ کے اس بیان کو کسی تنازعہ میں پڑنے سے خود کو بچانے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ کے پروں کو کاٹنے کے لیے جن اے کے شرما صاحب کو نریندر مودی نے يوپی بھیجا تھا انہیں اچانک سے بی جے پی یوپی کا نائب صدر بنا دیا گیا ہے اور بڑے پیمانے پر تنظیمی تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔
بی جے پی سنگٹھن کے زمہ دار بی ایل سنتوش مہینہ میں لگاتار دوسری مرتبہ یوپی آ رہے ہیں جس کے بعد مزید تبدیلیوں کا اندازہ ہے۔
بی جے پی کے اندر جو کچھ بھی چل رہا ہے لیکن ایک بات صاف ظاہر ہے کہ پارٹی اگلے الیکشن کو لیکر تیاریوں میں پورے جوش و خروش کے ساتھ لگ چکی ہے۔سوال یہ ہے کہ مظلوم و محکوم طبقات کی نمائندہ تنظیمیں یا قیادت اس جنگ میں اپنے لوگوں کے مفاد کی حفاظت کے لیے کس حد تک تیار ہے ؟ کیا اس بار بھی ہم اس قدر منظم کوششوں کے مقابلہ کے لیے عین وقت پر غیر واضح بیانات پر اکتفاء کرنے والے ہیں یا حالات سے سبق سیکھ کر کوئی منظم حکمت عملی تیار کرنے والے ہیں۔




