محمد اعظم شاہد

سوشیل میڈیا پر بے پرکی باتیں کس قرینہ سے اڑائی جاتی ہیں۔ یہ سب واقف ہیں۔ سیلولر(موبائل)فون کی کرشمہ سازیاں چاروں طرف پھیلی ہوئی ہیں۔موبائل فون اب ہر خاص وعام کی ضرورت بن گیاہے۔وائی فائی یعنی انٹرنیٹ سے مربوط موبائل فون آسان دستی کمپیوٹرکا کام کرتا ہے۔ واٹس ایپ،ایکس (سابقہ ٹوئیٹر)انسٹاگرام،ٹیلی گرام اوردیگر مواصلاتی سہولیات نے حیرت انگیز طور پر تر سیل کو آسان بنادیاہے۔ ان دنوں اخبارات پڑھنا، ٹیلی ویژن یا ریڈیو پر خبریں دیکھتا اور سننا،یہ رحجان کم ہوگیاہے۔ ہر کام میں،ہر مرحلہ میں آسانی کی تلاش اب یہی رواج چل پڑا ہے۔ انسٹاگرام نے دھوم مچائی ہے۔ مگر واٹس ایپ نے جہاں ترسیل یا پیغام رسانی کو انتہائی آسان کردیاہے، وہیں اس واٹس ایپ نے سبھی کو اپنی تحویل میں لے کر سب کو اپنا گرویدہ بنالیاہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ انتہائی معلوماتی اورکم یاب مواد بھی واٹس ایپ پر شیئر کیاجاتا ہے۔مگر کثرت سے من گھڑت بے بنیاد اور بنی بنائی باتوں کو صداقتوں اور حقیقتوں کے نام پر مواد (Matter)چاہے تحریری ہو یا ویڈیوز کی شکل میں دھڑا دھڑ گردش میں رہتا ہے۔اکثر صارفین (موبائل پر واٹس ایپ استعمال کرنے والے)جو کچھ مواد انہیں دوسروں سے ملتا ہے، اس کی جانچ کئے بغیر(اب اس کے لئے فرصت ہی کہاں ہے)دوسروں کو اپنے گروپس میں بلاتاخیر فوری شیئر کرنے کے عادی بن گئے ہیں۔ کئی گمراہ کن غلط اطلاعات بھی گردش کرنے لگتے ہیں۔کئی لوگ ان اطلاعات کے جھانسے میں آکر مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، کچھ ایسے مجرمین(Criminals)ہیں جو تکنیکی منفی صلاحیتوں سے کسی کا واٹس ایپ،یا فیس بک پیج Hack(ہتھیارکر)کرکے بھلے اور معصوم لوگوں کو اپنے جال میں پھانستے ہیں۔اپنا اُلّو سیدھا کرنے کے لئے ایسے مجرمانہ ذہن کے لوگ کیاکیاکرسکتے ہیں اورکیا کچھ کررہے ہیں وہ ہم سب پر ظاہر ہے۔ ابھی چند دن پہلے ہمارے ایک مخلص دوست کی جانب سے میرے واٹس ایپ پر ایک میسج Message textآیا۔پہلے سلام علیک کے بعد خیریت دریافت کی گئی۔جب جواب دیاگیاتو مہذب طورپر گزارش آئی کہ مدد درکار ہے۔ ازراہ ِکرم مدد کریں۔ تفصیل پوچھی گئی میسج سے تو معروضہ سامنے آیا کہ وہ کسی کو پیسہ بھجواناچاہ رہے ہیں ابھی اسی وقت مگر یہ ہونہیں پارہا ہے۔ اس لئے کہ ان کی daily limit یومیہ حد پوری ہوگئی ہے،اس لئے آپ کیا کسی کو میری جانب سے فوری طورپر پیسہ بھجوانے میں میری مددکریں گے۔ کل صبح آپ کو انشاء اللہ میں پیسے لوٹادوں گا۔ میں نے جواب لکھا میرے پاس فون کے ذریعہ پیسے بھجوانے کی سہولت نہیں ہے۔ فوری پھر گزارش آئی کہ کسی دوسرے کے ذریعہ بھجوائیں، اشدضرورت ہے۔ مجھے محسوس ہوا کہ یہ شاید جھانسہ ہے، پھر میں خاموش ہوگیا۔ بعد میں کئی کامن فرینڈ س سے معلوم ہوا کہ ہمارے ان دوست کے فون نمبر سے کئی لوگوں کو ایسا میسج آیاہے۔ گروپس میں باور کروایاگیا کہ یہ پھانسنے کے لئے روپیہ بٹورنے کا جھانسہ ہے۔ ایک فراڈ ہے، دوسرے دن شام ہمارے دوست جن کے فون نمبر سے یہ میسج آیا تھا انہوں نے اپنے تمام دوستوں کو جن کے فون نمبر اُن کے پاس تھے یہ معلوم کروایا کہ ان کا مسیج آیا کہ ان کا واٹس ایپ ہیک ہوگیاتھا۔ ابھی ابھی میرے واٹس ایپ پر میری (ہمارے دوست تک) رسائی حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے لکھا تھا کہ پچھلے چوبیس تیس گھنٹوں کے دوران ہیاکرس کے ذریعہ اگر پیسے ٹرانسفر کرنے کی گزارشات آئی ہوں تو درگزرکریں۔اگر آئندہ اس طرح کی گزارشات آئیں تو اپنا ردعمل یا جواب نہ دیں۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ اگر آپ نے رقم بھجوادی ہے تو میسجس کا اسکریٹ شاٹ لے کر فوری بھجوائیں، تاکہ محکمہ پولیس کے سائبر جرائم سیل کو متعلقہ کارروائی کے لئے فوری طورپر آگاہ کیاجائے۔ یہ سارا معاملہ گزرگیا۔ دو دن بعد ہمارے دوست سے ملاقات رہی، انہوں نے بتایا کہ ان کے کئی شناس احباب نے انہیں فون پر پوچھے بغیر ان کے واٹس ایپ کے مسیج میں ایمر جنسی کا لفظ دیکھ کر منی ٹرانسفر (پیسے بھجوادیئے تھے) کرچکے تھے۔انہوں نے بتایا کہ تقریباً آٹھ لاکھ روپئے ٹرانسفر کئے گئے تھے۔ ہیاکر کے اس جرم سے متعلق تمام تفصیلات جمع کی گئیں۔متعلقہ محکمہ سے انہیں اب تک کوئی کارروائی کی اطلاع موصول نہ ہوسکی۔ البتہ میرے استفسارپرہمارے ان دوست نے بتایا کہ جن احباب نے بغیر انہیں فون پر پوچھے ایمرجنسی کا لفظ دیکھ کر روابط کی روشنی میں منی ٹرانسفر کردیاتھا جس میں بڑی رقومات بھی ہیں، وہ چاہ رہے ہیں کہ اس کی بھرپائی کسی نہ کسی صورت میں وہ کریں۔ ایسی کئی وارداتیں ہوئی ہیں،ہوتی رہی ہیں۔ واٹس ایپ کے ذریعہ جرائم کا سلسلہ ہر روز زور پکڑتاہی جارہا ہے۔
ایک اور مثال علامہ اقبالؔ کے کلام کے حوالے سے پیش کرنا ضروری لگا مجھے۔ یوں ہوتا ہے کہ اکثر اردو کی محبت میں اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے اسلامی افکار کی عقیدت میں کئی ایسے اشعار جن میں دین وایمان کی باتیں ہوں اور وہ اشعار اکثر اپنے آہنگ اور وزن سے بوجھل ہوتے ہیں۔ ان بے نام اشعار کو علامہ سے جوڑدیاجاتا ہے۔ کئی بار یوٹیوب پر کسی کی آواز میں کچھ ایمان پرور کلام کو یہ کہہ کر کہ علامہ اقبال کی آواز میں ایک نایاب ریکارڈنگ ملی ہے وہ وائرل کردی جاتی ہے۔ اس ریکارڈنگ کے ساتھ علامہ اقبال کی تصاویر لگائی جاتی ہیں۔ دراصل یہ ادب وزبان کے نام پر بددیانتی ہے۔ اکثر واٹس ایپ پر ایک حمدیہ کلام۔
ہم نے تجھے جانا ہے فقط تیری عطا سے
سورج کے اجالے سے فضاؤں سے خلاسے
چاند اور ستاروں کی چمک اور ضیا ء سے
جنگل کی خموشی سے پہاڑوں کی اناسے
یہ علامہ اقبال کی آواز سے منسوب کرکے خوب وائرل کیاجاتا ہے، واٹس ایپ پر اور یو ٹیوب پر بھی۔یہ کلام اور آواز تملناڈو(وانم باڑی)کے شہرہ آفاق شاعر جناب عتیق احمد جاذب کا ہے۔بار بار علامہ اقبال کی اوریجنل آواز کے نام سے یہ پھیلایاجاتارہاہے۔غلط بیانی کے ساتھ ٹیکنالوجی کا غلط استعمال واٹس ایپ پر ہر روز نئی نئی کارستانیاں اپنے دامن لئے ہر کسی کے اسمارٹ فون پر گل کھلاتارہتا ہے۔ اچھے اور بُرے میں کھوٹے اور کھرے میں امتیاز کرنے کی بردباری ہر کسی میں پہلے سے کہیں زیادہ اب ہونے کی اشد ضرورت ہے۔موبائل فون پر حیرت انگیز اور آسان سہولتوں سے مثبت طورپر فائدہ حاصل کرنا کوئی بُری بات نہیں۔ مگر کسی بھی مجرمانہ چال اور ادبی ومذہبی غلط بیانی اور بددیانتی سے محفوظ رہنا ہر کسی کے اختیارمیں تو ہے۔ شرط یہ ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور حقیقی معنوں میں باشعور بن کر رہیں۔علامہ اقبالؔ نے کہاتھا کہ علوم تازہ کی سرمستیاں گناہ نہیں۔ مگر اب ان سرمستیوں کو فیض مند بنانے سے زیادہ مجرمانہ طورپر منفی زاویہ استعمال کیاجانا ہر اعتبارسے باعث تشویش ہے۔




