عظمیٰ زینب
غیر آئینی انتہائی متنازع شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جس ریاست کے باشندوں میں اضطراب انتہائی شدید تھا، اس ریاست کی باگ دوڑ ایک مرتبہ پھر زعفرانی پارٹی کے ہاتھوں میں ہے۔ ایک طرف تو سی اے اے تحریک کے اہم رکن اکھل گوگوئی جو یو اے پی اے کے تحت جیل میں بند ہیں انتخاب جیت لیتے ہیں وہیں دوسری طرف سی اے اے کی حامی جماعت اقتدار میں آ جاتی ہے، معاملہ کچھ تشویشناک نظر آتا ہے۔
اگر بات آسام میں 2016 کے انتخابات کی کریں ، اس وقت زعفرانی پارٹی کی جیت میں مسلم ووٹوں کی تقسیم بھی اہم عنصر تھا۔ لیکن پھر اس مرتبہ کیا ہوا ۔
آسام اسمبلی انتخابات 2021 میں مہاجوت الا ئنس (کانگریس،بدرالدین اجمل کی اے۔آئی ۔ یو۔ڈی۔ایف،بی۔پی۔ایف،سی۔پی۔آئی کا گٹھ جوڑ) نیشنل ڈیموکریٹک الائنس ( بی۔جے۔پی،اے۔جی۔پی،یو۔پی۔پی۔ایل کا گٹھ جوڑ) آر۔ڈی،اے۔ جے۔پی میدان میں تھیں۔
ممکن الحصول دھاندلیوں، کووڈ پروٹوکول کی دھجیاں اڑاتے ہوئے دنیا کے نواں عجوبہ ( الیکشن کمیشن) {آٹھواں عجوبہ بھارت کا سرکاری نظام تعلیم جو ہے} کے پانچ ریاستوں کے انتخابات سے فارغ ہونے کے بعد این۔ڈی۔اے اور مہاجوت الا ئنس دونوں کا دعویٰ 100 سیٹیں حاصل کرنے کا تھا۔
نتائج آنے پر بی۔جے۔پی33 فیصد ووٹ شئیر کے ساتھ 60 سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی،وہیں کانگریس29 فیصد ووٹ شئیر کے ساتھ 29 سیٹوں پر ہی سمٹ گئی ۔ بی۔جے۔پی اتحادی آسام گن پریشد نے 7فیصد ووٹ شئیر کے ساتھ 9 سیٹیں جیتی ہیں۔ کانگریس اتحادی اے آئی۔یو۔ڈی۔ایف کا ووٹ شئیر 9 فیصد رہا ، اے آئی ۔یو۔ڈی۔ایف۔نے 20 سیٹوں پر انتخاب لڑا تھا،16 سیٹوں پر کامیاب رہی۔ بی۔جے۔پی، کانگریس دونوں کا ووٹ شئیر تقریباً 2016 کے مماثل ہے۔
سیاسی تجزیہ نگار آسام اسمبلی کی 126سیٹوں میں سے 20 سیٹوں پر حزب اختلاف کے انتشار کو ذمہ دار ٹہراتے ہیں۔ کانگریس ریاستی صدر اپنی سیٹ گنوا چکے ہیں ۔ کانگریس لیڈران نے سی۔اے۔اے مخالف تحریک کے دوران وجود میں آئی پارٹیوں پر ووٹ کاٹنے کا الزام لگایا ہے۔آسام کی دو طلبہ تنظیم کے ذریعے ستمبر2020میں قائم کی گئی اے۔جے۔ پی کا کوئی امیدوار اسمبلی تو نہیں پہنچ سکا مگر یہ نئ نویلی پارٹی اکثر سیٹوں پر ووٹ کاٹنے میں ضرور کامیاب رہی۔
بی۔جے۔پی کے اکلوتے مسلم امیدوار امین الحق وادی براک کی سونئی نامی نشست اے آئی۔یو۔ڈی۔ایف امیدوار کے ہاتھوں کھو چکے ہیں۔ اقلیتی سیل کی اس ناقص کارکردگی کے بعد بی۔جے۔پے۔ نے اپنا آسام اقلیتی سیل تحلیل کر دیا ہے۔
جموں کشمیر کے بعد آسام ملک کی دوسری ریاست ہے جہاں مسلم وزیر اعلی بننے کا امکان رہتا ہے۔کل آبادی کی ایک تہائی مسلم آبادی 18 سیٹوں پر فیصلہ کن حیثیت رکھتی ہے۔126 میں سے 33 سیٹیں مسلم اکثریتی ہیں۔ اس مرتبہ 31 مسلمان اسمبلی پہنچے ہیں وہیں پچھلی مرتبہ یہی تعداد 29 تھی۔ کل ملا کر بہتر حکمت عملی کا فقدان ووٹ منتشر ہونے کی روایت مکاروں کو سنگھاسن عطا کرتی ہے۔




