کسی بھی وجہ سے بی جے پی نہیں چھوڑیں گے۔

بیدر۔29/اگست۔ سابق وزیر شنکر پاٹل منین کوپا نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی وجہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی چھوڑ کر کانگریس پارٹی میں شامل نہیں ہوں گے۔ سابق وزیر منین کوپا نے پارٹی چھوڑنے کی افواہوں کو ختم کر دیا ہے۔ہبلی شہر کے دیش پانڈے نگر کے سرکٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منین کوپانے کہا کہ میڈیا میں ان کے بی جے پی چھوڑنے کی خبریں آرہی ہیں۔ میڈیا سمیت کچھ لوگوں نے کہا ہے کہ انہوں نے کانگریس پارٹی کے لیڈروں سے بات کی ہے لیکن یہ سچ نہیں ہے۔ وہ صرف بی جے پی میں ہی رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک انہیں کانگریس قائدین کی طرف سے کانگریس پارٹی میں شمولیت کا کوئی دعوت نامہ نہیں ملا ہے۔ وہ بی جے پی میں ایک عام کارکن کے طور پر پارٹی کو منظم کریں گے۔ کانگریس پارٹی میں ہمارے دوست اور رشتہ دار ہیں لیکن ابھی تک اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھرگے، وزیر اعلیٰ سدارامیا، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، ایم ایل سی جگدیش شیٹر سمیت کسی بھی لیڈر نے مجھ سے بات نہیں کی۔ ان کے بی جے پی چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ پہلے جب بی جے پی اقتدار میں تھی، کارپوریشن بورڈ اور اقتدار میں حصہ داری کو لے کر کارکنوں میں عدم اطمینان تھا۔ ماضی میں غلطیاں ہوئیں لیکن وہ غلطی دوبارہ نہیں ہونی چاہیے۔ ان کے بی جے پی چھوڑنے کی قیاس آرائیاں حقیقت سے بعید ہیں اور اگر مستقبل قریب میں ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو وہ خود اس کا اعلان کریں گے۔منین کوپا نے کہا کہ وہ اگلا سیاسی فیصلہ جنوری کے آخر میں کریں گے، جس سے لگتا ہے کہ کانگریس میں شامل ہونا زیادہ ٹھوس ہے۔مرکزی وزیر پرلہاد جوشی کی طرف سے لنگایت لیڈروں کو دبانے کی کوشش کے بارے میں صحافیوں کے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ ایسا نہیں ہو رہا ہے لیکن ہم نے کبھی ذات پات کی سیاست نہیں کی۔سابق وزیر اعلیٰ جگدیش شیٹر کے کانگریس میں شامل ہونے کی وجہ سے دھارواڑ ضلع کے کئی سابق ایم ایل اے کے بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہونے کی بات چیت ہو رہی تھی۔ سابق وزیر شنکر پاٹل منین کوپا کا نام بھی سامنے آیا تھا۔ اس دوران وزیر محنت سنتوش لاڈ اور قانون ساز کونسل کے رکن اور سابق وزیر اعلیٰ جگدیش شیٹر نے یہ کہہ کر سیاست میں ہلچل مچا دی تھی کہ منین کوپا کے ساتھ بہت سے لوگ کانگریس میں شامل ہو سکتے ہیں لیکن اب شنکر پاٹل مونین کوپا نے تمام افواہوں پر مکمل روک لگا دی ہے۔منین کوپا نے کہا کہ وہ لوک سبھا الیکشن کے ٹکٹ کے امیدوار نہیں ہیں۔ انہیں لوک سبھا الیکشن لڑنے کی خواہش بھی نہیں ہے۔ اگر انہیں کوئی سیاسی فیصلہ لینا ہے تو وہ ضلع کے 8 تعلقوں کے قائدین سے بات چیت کریں گے۔ اس وجہ سے انہوں نے کوئی میٹنگ نہیں کی۔ یہ درست ہے کہ بی جے پی میں لیڈروں میں اختلاف ہے، دھارواڑ ضلع میں بی جے پی کے کئی لیڈر پہلے ہی پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔ اب پارٹی کی ذمہ داری مرکزی وزیر پرہلاد جوشی پر ہے۔

Latest Indian news

Popular Stories