دعوتِ دین ہی اقامتِ دین کی بنیاد، مسلمان خیرِ امت کا کردار ادا کریں: محمد یوسف کنی

بیدر۔22/دسمبر۔ جماعتِ اسلامی ہند کے سکریٹری حلقہ کرناٹک جناب محمد یوسف کنی نے کہا ہے کہ دعوتِ دین کے ذریعے ہی اقامتِ دین کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے اور مسلمانوں کو بحیثیت خیرِ امت اپنے اجتماعی کردار کا بھرپور مظاہرہ کرنا ہوگا۔ وہ بیدر میں جماعتِ اسلامی ہند کے خصوصی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کا بنیادی مقصد اقامتِ دین ہے اور اس کے لیے دعوتِ دین ناگزیر ہے۔ سابق امیر جماعت اسلامی مولانا سید جلال الدین عمری کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دعوت، اقامتِ دین کی پہلی سیڑھی ہے۔ انہوں نے فرد کے فکری، عملی اور اخلاقی ارتقاء کو جماعتی کام کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ فرد بدلے گا تو سماج میں بھی مثبت تبدیلی آئے گی۔محمد یوسف کنی نے جماعت کے اسلاف، خصوصاً سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ اور ابواللیث اصلاحیؒ کی دینی و فکری قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے موجودہ نسل پر اس مشن کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری عائد کی۔ انہوں نے مطالعہ، نماز کی پابندی، تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار، خدمتِ خلق اور اخلاقی تربیت کو ناگزیر قرار دیا۔انہوں نے ارکان و کارکنان کے لیے چار بنیادی ذمہ داریاں بھی بیان کیں جن میں دعوتِ اسلام، تحریکِ اسلامی سے وابستگی، خدمتِ خلق اور ذاتی تربیت شامل ہیں۔یہ اجتماع گزشتہ یوم ڈیسنٹ فنکشن ہال بیدر میں منعقد ہوا جس میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تذکیر بالقرآن سے ہوا اور اختتام پر امیر مقامی جماعتِ اسلامی بیدر نے اظہارِ تشکر کیا۔بعد ازاں محمد یوسف کنی نے جماعت کے رکن محمد یوسف رحیم (میر) بیدری کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔

Latest Indian news

Popular Stories