اعظم شاہد
کرناٹک میں سلطان ٹیپو سے متعلق کوئی نہ کوئی غلط بیانی ہوتی ہی رہتی ہے، اور جب بھی الیکشن اس ریاست میں قریب ہوتے ہیں، ووٹ بٹورنے بالخصوص مذہب کے نام پر ووٹ متحد کرنے Polarise کرنے ممکنہ طورپر ٹیپو سلطان کو دیش دروہی (وطن دشمن)، غدار، ہندو دشمن، تنگ نظر، مذہبی جنونی، بنیاد پرست، جبراً مذہب تبدیل کروانے والا جابر حکمران کے طورپر پیش کرنے کی کوششیں ہوتی رہی ہیں۔ اسی طرح پچھلے چند مہینوں سے ٹیپو سلطان کی شہادت پر پردہ پوشی کرنے حقائق کو توڑمروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، خبریں عام کی جا رہی ہیں کہ انگریزوں کے خلاف میدان جنگ میں لڑتے ہوئے ٹیپو کی شہادت نہیں ہوئی تھی، جنوبی کرناٹک کے ضلع منڈیا جس میں ٹیپو کا دارالحکومت سری رنگ پٹن بھی واقع ہے، اس ضلع کے دو بہادر باغی بھائی اوری گوڈا اور ننجے گوڈا نے انگریزوں کے خلاف میسور کی چوتھی جنگ (مئی 1799) کے دوران ٹیپو کو میدان جنگ سے بھاگنے پر مجبور کرکے پیچھا کرتے ہوئے اپنی تلواروں سے انہیں (ٹیپو کو) قتل کردیا تھا۔
تاریخ میں کہیں بھی اس واقعے کا نہ ذکر ہے اور نہ ہی ان دو بھائیوں کا جو کرناٹک کے اکثریتی طبقہ وکالیگا سے ان کا تعلق بتایا جا رہا ہے۔
آر ایس ایس کے حامی تھیٹر سے وابستہ ادانندا کاریپا کو حکومت کرناٹک نے شہر میسور میں واقع تھیٹر ادارہ (فن ڈرامہ کے فروغ کیلئے قائم کردہ) رنگائینا کا ڈائرکٹر نامزد کیا ہے۔ فن ڈرامہ سے اپنی واقفیت کا دعویٰ کرنے والے اس شخص نے ٹیپو سلطان کی اصل امیج کو مسخ کرنے، ٹیپو کے حقیقی خواب (ٹیپو نا نجاکنسو گلو) کنڑا میں ڈرامہ لکھا ہے، آر ایس ایس کے مسلمانوں کے خلاف نفرت بھرے ایجنڈے کے تحت اس ڈرامے میں اس شخص نے جہاں ٹیپو سلطان کے خلاف من گھڑت قصے اور باتوں کو سچائی کے نام پر لکھا ہے، وہیں ٹیپو کو جابر اور غیر مسلموں کو جبراً تبدیلی مذہب کروانے والا ہندو دشمن اور ریا کار حکمران ثابت کرتے ہوئے بتانے کی کوشش کی کہ ٹیپو کوئی قومی ہیرو یا حریت کا علمبردار نہیں بلکہ اقتدار کا لالچی آدمی تھا، ٹیپو نے انگریزوں سے لڑتے ہوئے کوئی شہادت نہیں پائی بلکہ ان کی ہندو دشمنی اور جبر کا انتقام لینے دو بھائی اوری گوڈا اور ننجے گوڈا نے محاصرہ آرائی کرکے ٹیپو کا بہیمانہ قتل کیا ہے۔ ڈرامہ میں پیش کردہ ان کرداروں کو فرضی طورپر تیار کرلیاگیا ہے تاکہ یہ دکھایا جائے کہ ہندوؤں پر ظلم کرنے والے حکمران کو اعلیٰ ذات (وکالیگا) کے ہندوؤں نے موت کے گھاٹ اتارا تھا۔
ملک کی تاریخ میں مسلمانوں کو وطن دشمن کے طورپر پیش کرنے کی مذموم سازش کے تحت انتخابات کے دوران اپنے جھوٹ کو مسلسل عام کرنے اور سچ کا رنگ دینے کی خاطر غلط پروپیگنڈہ پھیلایا جاتا رہا ہے، ظاہر ہے کہ شہید ٹیپو سے متعلق غلط بیانی سے مسلمانوں کے جذبات کوٹھیس پہنچی ہی تھی، ساتھ ہی سکیولر اور روشن خیال مؤرخین اور صحافیوں نے ریاست کی بی جے پی حکومت کے اس ضمن میں غلط پروپیگنڈے کی کڑی مذمت کی ہے اور کہاہے کہ تاریخ کا جس سے کسی بھی طرح کا واسطہ نہیں ایسی تصوارتی کہانی اور قصے کو عام کرنا محض حصول اقتدار کیلئے بی جے پی کی اوچھی حرکت ہے۔ اخبارات، ٹیلی ویژن اور سوشیل میڈیا پر ٹیپو سلطان کے قتل کو لے کر ان دنوں بحث و مباحثے ہو رہے ہیں، اپنے دوران حکومت میں ٹیپو کو کئی آزمائشوں سے گزرنا پڑا تھا، ٹیپو کے خلاف انگریزوں کی جنگوں میں مرہٹوں اور نظام حیدر آباد نے انگریزوں کا ساتھ دیا تھا، میسور کی چوتھی جنگ کے دوران ٹیپو کے بھروسہ مند افسروں، پورنیا اور میر صادق کی غداری اور دھوکہ دہی سے سری رنگ پٹن کے میدان جنگ میں انگریزوں نے قلعہ کامحاصرہ کرلیا۔ شجاعت و استقامت سے لڑتے ہوئے انگریزوں کی بندوق کی گولیوں سے ٹیپو کا روبرو ہونا، ٹیپو کا مضبوطی سے ہاتھ میں تلوار تھامے رہنا اور اپنی سرزمین کو انگریزوں کی غلامی سے آزاد رکھنے کے خواب کی تعبیر کیلئے لڑتے لڑتے اپنے خون سے اپنی زمین کے زروں کو منور کردینے کی یہ مثال تاریخ حکمرانی میں کہیں نہیں ملتی۔
نامور ڈرامہ ہدایت کار سی بسوالنگیا جنہوں نے تاریخی حقائق پرمبنی گریش کرناڈ کا ڈرامہ ”ٹیپو کے خواب“ کی ہدایت دی تھی، آپ نے کہا ہے کہ ٹیپو کی شہادت انگریزوں کے ساتھ لڑتے انگریز سپاہیوں کی گولیوں سے ہوئی۔ جن کرداروں کا ذکر ہو رہا ہے اور تلوار سے قتل کرنے کی باتیں پھیلائی جا رہی ہیں، یہ آر ایس ایس اور بی جے پی کا مسلمانوں کے خلاف نفرت کے ایجنڈے کا حصہ ہے۔ جو تصویر منڈیا کے وکالیگا بھائیوں کے نام پر دکھائی جا رہی ہے، وہ دراصل تمل ناڈو کے مدورائی کے مجاہدین آزادی ماندھو برادران کی ہے۔ منڈیا ضلع کے گوڈا طبقے کے کئی سپاہی ٹیپو کی فوج میں تھے، اس علاقے میں زراعت کی پیداوار میں اضافہ کیلئے آبپاشی کا معقول انتظام ٹیپو نے کروایا تھا، میسور میں مقیم مؤرخ پی وی ننج راج ارس جنہوں نے ٹیپو پر اپنی تحقیق پر مبنی کنڑا میں کتاب ”اعتراف سے محروم ٹیپو“ لکھی ہے۔ انہوں نے اس پوری معاملے کو سیاسی مفادات کے حصول کی کارستانی بتایا ہے، کرناٹک میں برسراقتدار بی جے پی کے ارکان اسمبلی اور وزراء نے ٹیپو کی موت کو مقامی ہندو اکثریتی طبقہ کے ساتھ جوڑ کر اس معاملے کو ہندوؤں کی جیت کے طورپر پیش کرنے کو ووٹ بٹورنے کا حربہ قرار دیا ہے۔ یعنی ٹیپو کی شہادت کو انتقامی موت کے طورپر پیش کرنے کی مذموم سازش منصوبہ بند طورپر چل پڑی ہے۔




