کاویری کے اضافی پانی کے لیے تمل ناڈو کی درخواست خارج

نئی دہلی، 21 ستمبر (یو این آئی) سپریم کورٹ نے جمعرات کو تمل ناڈو کی اس درخواست کو مسترد کر دیا جس میں یومیہ 5000 کیوبک فٹ فی سیکنڈ (کیوسک) سے بڑھا کر 7200 کیوسک پانی دینے کی درخواست کی گئی تھی۔جسٹس بی آر گوائی، جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس پرشانت کمار مشرا کی بنچ نے کاویری واٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی طرف سے کرناٹک کو تمل ناڈو کے لئے یومیہ 5000 کیوسک پانی چھوڑنے کی ہدایت میں مداخلت کرنے سے انکار کردیا۔تمل ناڈو حکومت نے سپریم کورٹ کے سامنے ایک درخواست کے ذریعے پانی کی مقدار بڑھانے کی درخواست کی تھی۔سپریم کورٹ نے تمل ناڈو کو پانی فراہم کرنے کے کاویری واٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکم میں یہ کہتے ہوئے مداخلت کرنے سے انکار کردیا کہ اتھارٹی اس معاملے میں ہر 15 دن میں نگرانی کر رہی ہے۔بنچ نے یہ بھی کہا کہ اتھارٹی کا یہ حکم ناقص مانسون کے باعث بحرانی صورت حال، اوسط بہاؤ اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے پاس کیا گیا ہے۔بنچ نے تمل ناڈو کی طرف سے دائر عرضی کو نمٹاتے ہوئے کہا کہ "یہ تمام ماہر اداروں کے ذریعہ طے کئے گئے عبوری اقدامات ہیں۔”کاویری واٹر مینجمنٹ اتھارٹی (سی ڈبلیو ایم اے) نے کاویری واٹر ریگولیشن کمیٹی کے فیصلے کو 18 ستمبر کو دہراتے ہوئے کرناٹک کو اگلے 15 دنوں کے لئے تمل ناڈو کو 5000 کیوبک فٹ فی سیکنڈ (کیوسک) پانی جاری رکھنے کے لئے کہا تھا۔

Latest Indian news

Popular Stories