جوآئینہ دکھلایا تو بُرا مان گئے

محمداعظم شاہد

اسٹیج پر حالات حاضرہ، سیاسی واقعات اور شخصیات پر طنزیہ تبصرہ کرنے والے Standup Comedianمزاحیہ فنکار کنال کامرا کے کامیڈی شو ’نیا بھارت‘پر ہنگامہ کھڑا ہوگیاہے۔ پچھلے ہفتہ شہر ممبئی کے ہیابیٹاٹ آڈیٹوریم میں اپنا پروگرام پیش کرتے ہوئے نئے بھارت کی صورتحال پر کنال نے امبانی،آنند مہیندرا، نرملا سیتارامن، مودی،ٹرمپ،چین اور ہندوتوا واد پر بات کرتے ہوئے اشاروں میں مہاراشٹرا کے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شنڈے پر طنز یہ تبصرہ کیاتھا۔ مقبول ہندی فلمی گیتوں کے طرز پر پیروڈی گاتے گاتے کنال نے شنڈے کو دل بدلو،اقتدار کالالچی اور اپنی پرانی پارٹی کاغدار کہہ دیا، مگر کہیں بھی راست نام نہیں لیا۔ ادھوٹھاکرے کی شیوسینا سے راتوں رات پارٹی چھوڑ کر باغی شیوسیناسے ہاتھ ملاکر بی جے پی کی حمایت میں چیف منسٹر بننے والے شنڈے پر تیکھے طنز کا اُس کے (شنڈے)کے حامیوں نے ایسا اثر لیاکہ وہ اسٹوڈیو جہاں کنال نے اپنا شو کیاتھا وہاں جبراً گھس کر توڑ پھوڑمچایا اور سارا آڈیٹوریم تہس نہس کرڈالا۔ شنڈے کے حامیوں نے ممبئی میں کنال پر پولیس میں ایف آئی آر درج کروائی۔دھمکی دی گئی کے فوراً کنال اپنے طنزیہ بیان پر معافی مانگے ورنہ اس کی خیرنہیں۔بڑے بڑے لیڈروں نے جو شنڈے کی پارٹی میں شامل ہیں سب نے بیان دیا کہ کنال اگر معافی نہیں مانگے گا تو اس کی ’دھلائی‘ ہوگی۔شیوسینا(شنڈے)کے پارٹی کارکنان (ورکرس)کنال کا جینا حرام کردیں گے۔ممبئی کیا وہ بھارت ہی سے نکال باہر کریں گے۔کنال نے اس کہرام اورتصادم کے دوران اعلان کیاہے کہ وہ اپنے بیان پر قائم ہے۔ وہ کسی طرح کی معافی نہیں مانگے گا۔ شنڈے کے حامیوں بشمول وزیراعلیٰ مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس نے اس دوران کہا ہے کہ کنال سے متعلق لوگ فیصلہ کرچکے ہیں۔ لوگ جان گئے ہیں کہ اصل غدار کون ہے۔ الزام لگایا جارہا ہے کہ کنال ادھوٹھاکرے شیوسیناکانگریس کی ایماء پر شنڈے کی ہتک پر اترآیاہے اور شنڈے کو سیاسی مقاصد کے لئے نشان ملامت بنایاجارہاہے۔ کنال کی حمایت میں ادھوٹھاکرے اور اس کے حامیوں نے بیانات دیئے ہیں کہ جو کچھ کہاگیاہے کنال کی جانب سے وہ سچ ہے۔
اخبارات، الیکٹرنک میڈیااور سوشیل میڈیا پر کنال کی مخالفت اور حمایت میں بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔رویش کمار اور دھروراٹھی جیسے میڈیا جرنلسٹوں نے کنال کے پروگرام کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے پروگرام پیش کئے ہیں جو ان کے اپنے You tubeچینلس پر موجود ہیں۔ کہاگیاہے کہ سچ بولنا اور اپنے خیال کے اظہار کی آزادی کا استعمال کرنا کسی بھی طرح سے غلط نہیں ہے۔ بشرطیکہ وہ اپنے ضابطہ کے حدودمیں داخل رہے۔حقیقت بیانی اور طنزیہ تبصروں کو بدکلامی،بداخلاقی اور غیر ذمہ داری قرار دینا جانبدارانہ رویہ ہے۔اپنے حالیہ ایک طویل انٹرویو میں وزیراعظم مودی نے کہاتھا کہ تنقید دراصل جمہوریت کی روح ہے۔کنال نے تو محض آئینہ دکھلاتے ہوئے بس حقیقت بیان کی تھی کہ نئے بھارت میں آدرش اور اصولوں کو فراموش کرنا اور اپنے ذاتی مفادات اور اقتدار کے حصول کے لئے کچھ بھی کیاجاسکتا ہے جو دراصل جمہوری اقدار کے ساتھ کھلے عام کھلواڑ ہے۔ نئی نسل کے کئی اسٹیج کامیڈین پر ان کی بے باکی اور بے خوف تبصرہ پر پولیس میں شکایت درج ہوتی رہی ہیں۔ انہیں قید خانوں میں بند رکھاگیاہے۔ ذہنی اذیتیں دی گئی ہیں۔ ان کے حوصلہ پست کرنے انہیں فرضی مقدمات کے گھیرے میں گھیرا گیاہے۔اسی روایت کی فہرست میں اب کنال کو بھی شامل کرنے کے جتن کئے جارہے ہیں۔ یعنی کھل کر اپنی رائے کا اظہار کرنے پر پہرے لگائے جارہے ہیں۔اپنی آنکھوں کے سامنے سب کچھ ہوتادیکھ کر آنکھ اور کان بند رکھنے میں عافیت محسوس کرنے والوں کی اکثریت بھارت میں ہر روز بڑھتی ہی جارہی ہے۔ اب جو اپنی بات بر ملا بے باکی سے کہے گا، اس کے اطراف ہراسانی کا جال پھیلایاجارہاہے۔اب نئے بھارت میں toleranceرواداری کا رجحان سیاسی طیاروں میں کم ہوتاجارہاہے۔عوامی نمائندے اب حاکم اور ڈکٹیٹربن کر حکم چلارہے ہیں۔غنڈہ راج اب پہلے سے زیادہ سیاست کا خوفناک پہلو بنتاجارہاہے۔ بی جے پی کے سمجھاؤپر حالیہ اسمبلی انتخابات کے بعد ایکناتھ شنڈے کو وزیر اعلیٰ کی گدی سے اتار کر نائب بنادیاگیا۔شنڈے کے حامیوں میں تصادم Retaliationنے کنال کی حق گوئی کے خلاف نیا رخ اختیار کرلیاہے۔ ایسا ماحول پہلے بھی تھا، اب دوبارہ گرمایاجارہاہے کہ خاموش ہوجاؤ،کچھ بولو نہیں،کچھ بولوگے تو بچ نہ پاؤگے۔حصولِ آزادی سے قبل اورآزادی کے بعد اپنے وقت کے مشہور کارٹونسٹ شنکر نے کئی سیاسی شخصیات کو آئینہ دکھانے ان کے کارٹونس بنائے۔پنڈت نہرو پر تقریباً چار ہزار کارٹونس بنانے والے شنکر کا وہ(پنڈت نہرو)احترام کیاکرتے تھے۔ ہندوستان ٹائمز اور شنکر ویکلی میں اپنے طنزیہ کارٹونس کے لیے مشہور شنکرکو ایک مرتبہ پنڈت نہرو نے کہا تھا۔Dont Spare me Shankarمجھے بخشو مت شنکر۔ یعنی تنقید اور طنز میں اپنا آئینہ دیکھنے والے سیاستدان اب کہاں رہ گئے ہیں۔ ذرہ برابر بھی سچائی کا سامنا نہ کرنے والے عوامی نمائندے کہلانے کے لائق ہی نہیں ہیں۔

Latest Indian news

Popular Stories