ضلع بیدر کی تازہ ترین خبریں

اقلیتی طلبہ کے لیے خوشخبری؛ پوسٹ میٹرک ہاسٹلس میں داخلوں کے لیے آن لائن درخواستیں مطلوب

بیدر ۔ 8 / جون ۔محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے تعلیمی سال 2026-27 کے لیے پوسٹ میٹرک طلبہ و طالبات کے ہاسٹلس میں نئے داخلوں کے لیے آن لائن درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ یہ اطلاع ضلع اقلیتی بہبود افسر بڈے رام نے ایک پریس نوٹ کے ذریعے دی۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے زیر انتظام چلنے والے پوسٹ میٹرک طلبہ و طالبات ہاسٹلس میں صرف پی یو سی، ڈپلومہ اور آئی ٹی آئی کورسیز کے طلبہ کو داخلہ دیا جائے گا۔ ایسے طلبہ جو نئے داخلے کے خواہاں ہیں، انہیں ریاستی اسٹوڈنٹ ہاسٹل ویب سائٹ پر آن لائن درخواست داخل کرنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواہشمند طلبہ 30 جون 2026 تک اپنی درخواستیں ویب سائٹ
shp.karnataka.gov.in
پر داخل کرسکتے ہیں۔ ضلع اقلیتی بہبود افسر نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ آخری تاریخ سے قبل درخواستیں داخل کرکے اس سہولت سے استفادہ حاصل کریں۔

شجرکاری ہی ماحولیاتی تحفظ کی بنیاد؛ ہر فرد ایک پودا لگا کر اس کی نگہداشت کرے: ڈاکٹر راج شیکھر بسنائک

عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر بیدر کے آئی سی اے آر زرعی سائنس مرکز (کے وی کے) اور زرعی ڈپلومہ کالج، بیدر کے اشتراک سے ایک بامقصد تقریب کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں ماحولیاتی تحفظ اور شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر آئی سی اے آر زرعی سائنس مرکز، بیدر کے سینئر سائنس داں و سربراہ ڈاکٹر راج شیکھر بسنائک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ میں ہر فرد کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کم از کم ایک پودا ضرور لگائیں اور اس کی مستقل نگہداشت کے ذریعے ماحول کے تحفظ میں اپنا عملی تعاون پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ درخت انسانی زندگی اور پوری کائناتِ حیات کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں، اس لیے ان کی حفاظت اور افزائش وقت کی اہم ضرورت ہے۔ عالمی یومِ ماحولیات کے سلسلے میں مرکز کے احاطے میں شجرکاری مہم بھی چلائی گئی، جس کے تحت مختلف اقسام کے پودے لگائے گئے۔تقریب کے دوران زرعی سائنس مرکز کے سائنس دان ڈاکٹر چندرکانت اور ڈاکٹر شیوکمار نے ماحولیات کے تحفظ، سرسبز و شاداب ماحول کی اہمیت اور قدرتی توازن برقرار رکھنے کے موضوع پر تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ پروگرام کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر رندھیر سنگھ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل (ایکسٹینشن) آئی سی اے آر و آئی اے آر آئی، نئی دہلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں ماحولیاتی تحفظ انتہائی ناگزیر ہوچکا ہے اور ہر شہری کو اس سلسلے میں سنجیدگی کے ساتھ عہد کرنا چاہیے۔ انہوں نے ماحول دوست طرزِ زندگی اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قدرتی توازن کی بقا کے لیے اجتماعی شعور اور عملی اقدامات ضروری ہیں۔ اس موقع پر شرکاء نے ماحولیات کے تحفظ کا عہد بھی کیا۔ تقریب ماحولیاتی بیداری پیدا کرنے میں کامیاب رہی۔ پروگرام میں زرعی ڈپلومہ کالج کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر جین الدین ملا، ڈاکٹر ایس بی بیلّد، اساتذہ، طلبہ، زرعی سائنس مرکز کے تکنیکی و غیر تکنیکی عملہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھا۔

ماحولیاتی توازن کے تحفظ کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر؛ قدرتی وسائل کی حفاظت وقت کی اہم ضرورت

ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنا ہر شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر قدرتی وسائل کے تحفظ اور سرسبز ماحول کے فروغ کے لیے تمام طبقات کو متحد ہوکر عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار بیدر کے ہارٹیکلچر کالج کے ڈین (ہارٹیکلچر) نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کالج کے احاطے میں مختلف اقسام کے پھلدار، طبی اور سایہ دار پودے لگا کر ماحولیات کے تحفظ کا عملی پیغام دیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فطرت ہی انسانی زندگی کی اصل بنیاد ہے اور اس کے تحفظ کے بغیر صحت مند مستقبل کا تصور ممکن نہیں۔ باغبانی سائنس یونیورسٹی، باگلکوٹ کے تحت آنے والے ہارٹیکلچر کالج، بیدر کے قومی خدمت اسکیم یونٹ اور ہارٹیکلچر توسیعی تعلیمی مرکز کے اشتراک سے عالمی یومِ ماحولیات “فطرت سے تحریک، ماحولیات اور ہمارے مستقبل کے لیے” کے عنوان کے تحت نہایت بامقصد انداز میں منایا گیا۔طلبہ کے ہاسٹل کے سامنے پودے لگانے کی تقریب کے دوران مقررین نے کہا کہ درخت لگانا، پانی کا تحفظ، پلاسٹک کے استعمال میں کمی اور عوام میں ماحولیاتی بیداری پیدا کرنا ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قدرتی وسائل کا بے دریغ استعمال، جنگلات کی کٹائی، صنعت کاری اور شہری توسیع ماحولیات پر شدید منفی اثرات مرتب کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہی عوامل کے سبب عالمی درجہ حرارت میں اضافہ، بارشوں کے نظام میں تبدیلی، خشک سالی، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کے تدارک کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔ تقریب کے دوران اساتذہ، غیر تدریسی عملہ، طلبہ اور مزدوروں نے ماحولیاتی تحفظ کا عہد بھی لیا۔ اس موقع پر ماحولیات کے تحفظ، موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز اور پائیدار ترقی کی اہمیت کے تعلق سے شعور بیدار کیا گیا۔ پروگرام میں ڈاکٹر محمد فاروق، ڈاکٹر سری نواس این، ڈاکٹر ایس ایم پرسنا، ڈاکٹر امبریش، انجنیہ این، محترمہ انورادھا آر وڈگاوے، محترمہ جانہوی ڈی آر، ڈاکٹر کویتا راٹھور، قومی خدمت اسکیم یونٹ کے افسران ڈاکٹر وجئے مہانتیش، ڈاکٹر رمیش نائک سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔

ہمناآباد آئی ٹی آئی میں "پردھان منتری نیشنل اپرنٹس شپ میلہ” کا انعقاد، 34 طلبہ مختلف کمپنیوں کے لیے منتخب

گورنمنٹ انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ (آئی ٹی آئی) ہمناآباد میں 8 جون 2026 کو "پردھان منتری نیشنل اپرنٹس شپ میلہ”(PMNAM) کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا، جس میں 102 طلبہ اور 3 صنعتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب کا افتتاح ستیہ دیپت پرائیویٹ لمیٹڈ، ہمناآباد کے ہیومن ریسورس منیجر یو ایس ایس وی پرساد نے کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اپرنٹس شپ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اس طرح کے میلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر اپنے مستقبل کو روشن بنائیں۔تقریب کی صدارت ادارہ کے قائم مقام پرنسپل ناگ بھوشن آر مٹھ نے کی۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو زندگی میں ملنے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے تاکہ وہ اپنے مستقبل کو کامیاب اور مستحکم بنا سکیں۔ پروگرام میں نچینو پرائیویٹ لمیٹڈ، ہمناآباد کے ایچ آر منیجر ایمانیویل، کیڈ میکس کے منیجر شرنپا اور ستیہ دیپت پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجر چیتن سمیت مختلف صنعتی اداروں کے نمائندے شریک رہے۔ میلے کے دوران مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے صنعت کاروں نے 34 طلبہ کا انتخاب کیا، جس سے طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ تقریب میں بھیم شاہ نے مہمانوں کا استقبال کیا، محترمہ ارون جیوتی نے اظہارِ تشکر پیش کیا جبکہ گنڈی راؤ کلکرنی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

Latest Indian news

Popular Stories