مفلس مریضوں کا مہنگا علاج

محمد اعظم شاہد

شمالی کرناٹک کے ایک پسماندہ دیہات سے ایک غریب کسان اپنے دس ماہ کے معصوم بچے جس کے دِل کے عارضہ کے علاج کے لیے دارالحکومت بنگلور کے ایک بڑے کارپویٹ اسپتال میں آتا ہے۔ پہلے بتایا جاتا ہے کہ ایک آپریشن ہوگا پھر بچے کی نازک حالت کے پیش نظر ایک اور آپریشن ہوتا ہے۔ اپنی جمع پونجی کے ساتھ اپنے بیل بیچ کر وہ مفلوک الحال کسان اسپتال کی موٹی بل ادا کرتا ہے۔رقم ناکافی رہ جاتی ہے۔مخیر کسی شنا ساسے مالی امداد ملتی ہے۔پھر بھی اسپتال سے رُخصتی ایک مسئلہ بن جاتی ہے۔شہر میں ایک اور شناسا ہمدردکی مالی امدادسے واجب الادا بقیہ رقم کی ادائیگی کے بعد چار اور دن کے اضطراب کے بعد اسپتال سے رُخصتی ممکن ہوپاتی ہے۔بات یہ ہے کہ شہر کے مضافات میں اتنا بڑا کارپوریٹ اسپتال لاکھوں روپیوں کے بل کی ادائیگی کے بعد بھی چند ہزار روپیوں کی ادائیگی کے لیے اس معصوم بچے کی اسپتال سے رُخصتی میں رکاوٹ پیدا کردیتی ہے۔ ہر کارپوریٹ اسپتال میں ایک کارپوریٹ فلاحی فنڈ بھی ہوتا ہے، جو مخیر حضرات اور خود اس اسپتال کے تحت منافع کے ایک حصہ کے طورپر جمع رہتا ہے۔مگر از راہِ انسانیت نوازی لاچار ومصیبت زدہ احباب سے ہمدردی جتانہ سکے تو ایسی کارپوریٹ دُنیا کس کام کی۔اسپتال میں مارے مارے منتیں اور سماجتیں کرتے اس بے بس کسان کے گاؤں میں موسلادھار برساتوں میں ایک طرف اس کے کھیتوں کی فصل برباد ہوجاتی ہے اور اس کا بوسیدہ گھربھی ٹوٹ کر گر جاتا ہے۔ اپنے اور اپنی بیوی کے کھانے پینے کے لیے بھی اس کے پاس پیسے نہیں ہوتے ہیں۔ آس پاس کے مریضوں کے رشتہ داروں نے کچھ دے دیا تو کھالیا ورنہ فاقہ ہی فاقہ۔ ایسے حالات میں وہ کیسے اپنے دس ماہ کے نونہال کے ساتھ بے یارومددگار اپنے گاؤں جاپاتا ہے۔اسپتال میں چند ایک انسانیت نواز ہمدرد ڈاکٹروں اور انتظامیہ کے افسران کی تائید سے وہ اسپتال سے نکل پاتا ہے۔ ایسے دلسوز واقعات ملک کے کونے کونے میں عام ہیں۔ اسی لیے وہ کہتے ہیں نہ کہ بیماریاں حیثیت دیکھ کر نہیں آتیں۔ جب آتی ہیں تو آہی جاتی ہیں۔ صاحب حیثیت علاج کے اخراجات جھیل لیتے ہیں۔مگر غریب اور مزدور پیشہ لوگ سرکاری اسپتالوں کارُخ کرتے ہیں، جہاں عدم سہولیات کا ماحول کئی آزمائشوں سے انہیں دوچار کرتا ہے۔ اپنے عزیزوں کی زندگی ہر کسی کو اپنی جان سے عزیز ہوتی ہے۔وہ سب کچھ جٹاکر کارپوریٹ اسپتالوں میں معقول علاج کے لیے نکل پڑتے ہیں۔علاج کی تجارت کے لیے قائم کردہ کارپوریٹ اسپتال منافع خوری کے اِرد گرد ہی کام کرتے ہیں۔خیراتی اسپتال بھی ہوتے ہیں، جہاں عام بنیادی علاج کی سہولیات ہوتی ہیں۔اوراعلیٰ پیمانے کے خیراتی اسپتالوں تک رسائی بھی بڑا مسئلہ بن جاتا ہے۔اس لیے کہ وہاں ضرورتمند مریض قطاروں میں لگے رہتے ہیں۔مرض کی سنگینی اور شدت کو دیکھتے ہوئے کارپوریٹ اسپتال ہی متبادل نظر آتے ہیں اور یہاں بغیر پونجی کے کوئی پوچھتا ہی نہیں۔
ٍٍ کارپوریٹ اسپتالوں سے شکوہ بھی نہیں ہونا چاہئے کیونکہ ان اسپتالوں کا قیام ہی علاج کی تجارت ہے۔ دھندہ ہے، جہاں ہر مرحلے نفع نقصان کی کسوٹی سے گذرتا ہے۔ مفلسی کے مارے خاندان کے لوگ اپنے عزیز کے علاج کے دوران اگر مریض کی بدقسمتی سے موت واقع ہوجاتی ہے تو کارپوریٹ اسپتالوں میں لاش بقیہ بل کی ادائیگی کے بعد ہی لواحقین کو دی جاتی ہے۔لگتا تو یہ ہے کہ ایک طرح کی سنگدلی ہے۔مگر انہی اصولوں پر اس طرح کے اسپتال کام کرتے ہیں۔شاید ہی بہت کم ایسے سرکاری اسپتال ہوں گے،جو ملک کے کئی شہروں میں قائم ہیں۔اوران کی شناخت قومی سطح پر تسلیم شدہ ہے،جہاں ہر ضلع اور بڑے شہروں میں سرکاری اسپتال قائم ہیں وہاں علاج کے جدید آلات کی کہیں کمی یا قلت ہے یا تو پھر آلات حرکت میں نہیں ہیں۔مرمت کے لیے ترستے رہتے ہیں۔آپ کے پاس سیاسی یا افسر شاہی کا رسوخ ہے تو آپ کا علاج ان اسپتالوں میں آسان ہے۔اگر نہیں تو علاج کے ہر مرحلے میں سرکاری اسپتالوں میں بہتراور بروقت علاج کے لیے رشوت ستانی کا لامحالہ سامنا کرنا پڑتا ہے – چھوٹے سے چھوٹے ٹیسٹ اور بڑے آپریشن پر پیسوں سے ہاتھ گرم کرو اور اپنا علاج کرواؤ والا معاملہ ان دنوں عام سی بات ہے۔ اربوں روپئے سالانہ بجٹ میں مرکزی اورریاستی حکومتیں سرکاری اسپتالوں کی دیکھ ریکھ اور علاج کے لیے جدید آلات کی تنصیب کاری کے لیے جو رقومات مختص کرتی ہیں وہ ناکافی ہیں۔سرکاری طبی ادارے یعنی اسپتالوں کا نیٹ ورک کارکردگی کے اعتبار سے اطمینان بخش نہیں ہے۔ دیہی علاقوں اور چھوٹے شہروں میں آج بھی سرکاری اسپتالوں کی صورتحال ٹھیک نہیں ہے۔مریضوں کو علاج کے لیے شہروں کا رُخ کرنا پڑتا ہے۔ دیہاتوں میں سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں کی قلت، علاج کے لیے سہولیات کی کمی بھی بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ایم بی بی ایس کی تعلیم مکمل کرکے عارضی آسامیوں پر کام کرنے والے جونیئر ڈاکٹروں کی تنخواہیں،جہاں بہت ہی کم ہوا کرتی ہیں وہیں ان کے سینئرس کا استحصال اور باس ازم بھی ایک ناقابل برداشت معاملہ ہے۔ حکومت کی اس جانب توجہ اور اقدامات نہیں کے برابر ہیں۔ویسے سرکاری اسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹروں کی تنخواہیں بھی خاطر خواہ نہیں ہوتیں۔ اسی لیے وہ اپنی سرکاری ملازمت کے ساتھ نجی اسپتالوں میں بھی کام کرتے ہیں اوراپنے ذاتی کلینک بھی چلاتے ہیں۔
ایسا بھی نظر آتا ہے کہ ملک میں سرکاری اسپتالوں کی زبوں حالی کے پیش نظر کارپوریٹ اسپتالوں کا جال پھیلتا ہی جارہا ہے۔ ظاہر ہے ان اسپتالوں میں امراض کے علاج کے لیے جدید طبی آلات کی تنصیب کاری اورماہر تجربہ کار ڈاکٹروں کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ جہاں سرمایہ کاری کی جاتی ہے وہاں منافع حاصل کرنا بھی ان کا اہم مقصد ہوا کرتا ہے۔ اسی لییمریض جن کے پاس ان بڑے بڑے فائیو اسٹار ہوٹلوں کی طرح چلنے والے کارپوریٹ اسپتالوں میں علاج کروانے کی سکت ہو یا نہ ہو ان کے پاس دوسرا اورکوئی راستہ نہیں ہوتا۔ ایسی صورتحال کا کارپوریٹ اسپتال بھرپور فائدہ اُٹھاتے آرہے ہیں۔ اورحکومت جس کے بنیادی فرائض میں صحت عامہ کی نگرانی اور عوام کی فلاح بھی شامل ہے۔اس بنیادی منصبی فرض کی ادائیگی میں کس حد تک حکومتیں عمل پیرا ہیں یہ سب جانتے ہی ہیں۔ دیوقامت مجسمے تنصیب کرنے کی ہوڑ میں لگی ہوئی حکومتوں کو اپنے زندہ اور رنجیدہ عوام،جن کو بھاشنوں میں ”جنتاجناردھن“ کے نام سے خطاب کیا جاتا ہے۔ ان کے تئیں اپنا فرض نبھانے کی لگن بھی تو ضروری ہے۔مجسموں پر، جو بھاری رقومات عوام کے ادا کردہ ٹیکس سے خرچ ہوا کرتی ہیں،بہترہوگا کہ سرکاری اسپتالوں کی جدید کاری پر یہ رقم خرچ ہوتاکہ بے بس ولاچار مفلوک الحال لوگ اپنے عزیزوں کے علاج کے لیے در در بھٹکنے اورکارپوریٹ اسپتالوں کے رحم وکرم کے جال سے بچ سکیں۔ جیسا ہم سوچ رہے ہیں ویسا ہونا مشکل ہی ہے۔اس لیے بھی کہ سرکاری یعنی حکومتیں سرمایہ کاروں کے ساتھ ساجھے داری رکھتی ہیں۔ اورکئی صنعت کار وسرمایہ کار میدان سیاست میں سرگرم بھی ہیں۔ اور کہیں وہ خود انتخابات کے عمل سے لے کر حکومتوں کے قیام تک اپنے سرمایہ کے بل پر اپنا الو سیدھا کرتے آئے ہیں۔مگر غریب گھرانے کے مریضوں کی حالت دِگرگوں ہی رہ جاتی ہے،جو فلاح عام کے نام پر قائم جمہوریت اورحکومتوں کیلئے توجہ طلب کڑوی سچائی ہے۔

Latest Indian news

Popular Stories