کابینہ میں توسیع یا رد و بدل کا فیصلہ ہائی کمان کرے گی: ایشور کھنڈرے

بیدر۔21/مئی۔ ریاستی وزیر برائے جنگلات، ماحولیات و ایکولوجیمسٹر ایشور بی کھنڈرے نے کہا ہے کہ کرناٹک کابینہ میں توسیع یا رد و بدل کے تعلق سے فیصلہ کانگریس ہائی کمان اور وزیر اعلیٰ سدارامیاکریں گے، اور ریاستی کانگریس میں کسی قسم کا ابہام یا اختلاف نہیں ہے۔ بنگلورو میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایشور کھنڈرے نے کہا کہ اپوزیشن جماعت بی جے پیکی ریاستی اکائی خود شدید گروہ بندی کا شکار ہے، اس لیے اسے کانگریس کے داخلی معاملات پر تبصرہ کرنے کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں۔انہوں نے مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پٹرول، ڈیزل، ایل پی جی سلنڈروں اور ضروری اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ نے عوام کو پریشان کر دیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ یو پی اے دورِ حکومت میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت تقریباً 400 روپے تھی، جو اب ایک ہزار روپے سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ پٹرول، ڈیزل اور گھریلو گیس کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ایشور کھنڈرے نے کہا کہ کانگریس نے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے پانچ ضمانتی اسکیموں کو نافذ کیا، حالانکہ سیاسی مخالفین ان اسکیموں کو ناقابلِ عمل قرار دے رہے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اب انہی اسکیموں کی نقل دیگر ریاستوں میں بھی کی جا رہی ہے، جن میں دہلی، مغربی بنگال اور مہاراشٹرا شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے پانچ ضمانتی اسکیموں کے لیے 52 ہزار کروڑ روپے مختص کیے ہیں، اور ساتھ ہی تمام اضلاع میں ترقیاتی منصوبے بھی جاری ہیں۔ کھنڈرے نے کہا کہ مخالفین کو اپنی سابقہ تنقید پر عوام سے معذرت کرنی چاہیے۔ریاستی وزیر نے مرکزی حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ”سب کے لیے مکان“ اور کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے جیسے وعدے اب تک پورے نہیں کیے گئے۔ انہوں نے حالیہ NEET امتحان کے پرچہ لیک معاملہ پر بھی مرکز کو آڑے ہاتھوں لیا۔

Latest Indian news

Popular Stories