کرناٹک: مانسون سے پہلے ڈینگو کا خطرہ

بیدر۔24/اپریل۔ ریاست کے بیشتر اضلاع میں مانسون سے پہلے کی بارش نے اس موسم گرما میں ہی ڈینگو کے معاملات میں اضافے کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا ہے۔ ڈینگو کے شبہ میں 21 ہزار سے زائد افراد کے خون کے نمونے ٹیسٹ کیے گئے اور ایک ہزار سے زائد افراد میں ڈینگو بخار کی تصدیق ہوئی ہے۔ ڈینگو بخار ایڈیس ایجپٹائی مچھر سے پھیلتا ہے، جو دن کے وقت کاٹتا ہے۔ یہ بخار ہر سال مانسون کی بارش شروع ہونے کے بعد زیادہ تر لوگوں کو متاثر کرتا ہے۔ ایڈیس مچھر کھڑے پانی میں لاروا پیدا کرتے ہیں۔ جون جولائی کے بعد کیسز کی تعداد بڑھ جاتی ہے۔ گزشتہ سال مانسون کی بارش نہ ہونے کی وجہ سے جون کے بعد دھوپ اور بارش کی وجہ سے بڑی تعداد میں کیسز رپورٹ ہوئے۔ سال کے آخر تک ڈینگو کے مجموعی کیسز کی تعداد 32 ہزار سے تجاوز کر گئی تھی۔ رواں برس اپریل میں ہونے والی بارش کے باعث مانسون سے قبل ہی ڈینگو کے کیسز میں اضافے کا خدشہ ہے اور محکمہ صحت نے اس حوالے سے لوگوں کو آگاہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ 2017 میں ڈینگو کے 17 ہزار سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی تھی۔ 2020 میں ڈینگو کے کیسز میں کمی آئی ہے، اس کے بعد کے سالوں میں کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پچھلے سال سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ بخار کی شدت سے 16 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس سال ریاست کے تمام اضلاع میں ڈینگو کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

Latest Indian news

Popular Stories