کرناٹک: سابق آئی پی ایس بھاسکر راؤ آج AAP میں شامل ہوں گے

بیدر۔4/اپریل۔پنجاب اسمبلی انتخابات میں جیت درج کرنے کے بعد عام آدمی پارٹی کی نظریں اس سال کے آخر میں ہونے والے گجرات اور 2023 کرناٹک اسمبلی انتخابات پر ہیں۔کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تیاری کر رہی عام آدمی پارٹی کو ریاست میں ایک بڑا چہرہ ملنے جا رہا ہے۔ بنگلورو کے سابق پولیس کمشنر اے ڈی جی پی رینک کے آئی پی ایس افسر بھاسکر راؤ عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے والے ہیں۔دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال سے پیر (4 اپریل) کو بھاسکر راؤ پارٹی کی رکنیت حاصل کریں گے۔ یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ بھاسکر راؤ 2023 کے اسمبلی انتخابات میں بنگلورو کی بسوان گڈی سیٹ سے لڑ سکتے ہیں۔بھاسکر راؤ، جو بنگلورو کے مقامی باشندے ہیں اور جو ڈی سی پی اور پولیس کمشنر کے طور پر کام کر چکے ہیں، 2023 کے انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے لیے ایک بڑا چہرہ ہوں گے۔ بھاسکر راؤ کا تعلق برہمن ذات سے ہے، اس لیے پارٹی ان کے ذریعے مخصوص ذات کے ووٹروں تک پہنچنے کی پوری کوشش کرے گی۔بتا دیں کہ بھاسکر راؤ نے ستمبر 2021 میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ تاہم کرناٹک حکومت نے 1 اپریل 2022 کو ان کا استعفیٰ قبول کر لیا۔ راؤ جو بنگلورو کے رہنے والے ہیں، اس سے قبل کمشنر آف پولیس، بنگلورو دیہی ایس پی اور کمشنر، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ، بنگلورو سٹی کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔کرناٹک میں اگلے سال مئی میں اسمبلی انتخابات کی تجویز ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے یہاں 78 سیٹیں حاصل کیں اور جے ڈی ایس کی مدد سے حکومت بنائی۔ لیکن بعد میں کانگریس کے ایم ایل اے الگ ہو کر بی جے پی میں شامل ہو گئے اور اس کی حکومت گر گئی۔ اس سال کرناٹک میں بنگلورو میونسپلٹی کے انتخابات بھی ہونے والے ہیں۔

Latest Indian news

Popular Stories