”آئیے ہم آئین کی روح کے مطابق زندگی گزاریں“۔ وزیر اِیشور کھنڈرے کا خطاب

بیدر۔26/نومبر۔ وزیر جنگلات، حیاتیاتی علوم و ماحولیات اور ضلع بیدر کے انچارج وزیر، اِیشور کھنڈرے نے کہا کہ ”ہم سب کو چاہئے کہ ہندوستانی آئین کے بنیادی اصولوں اور اس کی روح کے مطابق زندگی گزاریں۔“ وہ چہارشنبہ کے روز شہر کے چنّابسوا پٹہ دیورو رنگ مندر میں منعقدہ ”یومِ آئین“ کی ضلعی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس پروگرام کا انعقاد ضلعی انتظامیہ، ضلع پنچایت اور محکمہ سماجی فلاح کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔ وزیر موصوف نے آئین کی تمہید کی اجتماعی قرائت کراتے ہوئے تقریب کا افتتاح کیا۔اِیشور کھنڈرے نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا آئین ہر شہری کو آزادی، بنیادی حقوق، مساوات، شخصی وقار اور سماجی، معاشی، تعلیمی، سیاسی اور مذہبی میدانوں میں مساوی مواقع فراہم کرتا ہے۔ خواتین کو خصوصی درجہ دینے اور ہر شہری کے مساوی ووٹ کے حق کی ضمانت بھی اسی آئین نے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک کے پاس کوئی مستقل قانون یا آئینی ڈھانچہ موجود نہیں تھا۔ 26 جنوری 1950 کو جب آئین نافذ ہوا تو ہندوستان ایک مکمل اور باوقار جمہوریہ بن کر عالمی سطح پر اُبھرا۔ 1946 میں آئین ساز اسمبلی تشکیل دی گئی اور 29 اگست 1947 کو ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کی سربراہی میں مسودہ کمیٹی قائم کی گئی۔ دنیا کے کئی ممالک کے آئینی ماڈلز کا مطالعہ کرکے ڈاکٹر امبیڈکر نے دنیا کا عظیم ترین اور سب سے بڑا تحریری آئین قوم کو عطا کیا، جو سماجی انصاف، مساوات، وحدت اور انسانیت کا پیغام دیتا ہے۔وزیر کھنڈرے نے مزید کہا کہ آزادی کے وقت ملک میں غربت شدید تھی اور اقتصادی ڈھانچہ کمزور تھا۔ مرکز کی جانب سے نافذ کی گئی زرعی، صنعتی، سائنسی اور تکنیکی اصلاحات، ہری اور صنعتی انقلاب، روزگار میں اضافہ، غربت کے خاتمے کے اقدامات اور رابطہ جاتی سہولیات کی ترقی سے ملک نے نمایاں پیش رفت کی۔ ریاستی سطح پر موجودہ حکومت ”پانچ ضمانتی اسکیموں“ کے ذریعے عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بیدر میں درج فہرست ذاتوں و قبائل کے بچوں کے لیے 31 کے پی ایس اسکول کھولے جا رہے ہیں اور مزدور طبقے کے بچوں کے لیے خصوصی رہائشی اسکول کے قیام کا منصوبہ بھی جاری ہے۔ ساتھ ہی بیدر یونیورسٹی کے لیے اضافی فنڈ فراہم کرنے کی درخواست وزیر اعلیٰ کو پیش کی گئی ہے۔تقریب میں بیدر یونیورسٹی کے سِنڈیکیٹ رکن وِٹھل داس پیگے نے بھی خصوصی لیکچر دیا۔ اس سے پہلے وزیر کھنڈرے نے امبیڈکر سرکل میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کیے اور جلوسِ آئین کو روانہ کیا۔اس موقع پر ہنانائک (چیئرمین اچّوکٹّو ایریا ڈیولپمنٹ اتھارٹی و کرشنا اپر کنال پروجیکٹ)، بسوراج جابشٹی (چیئرمین: بیدر اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی)، امرت راو چِمکوڈے (چیئرمین ضلع گارنٹی امپلیمنٹیشن کمیٹی)، ڈپٹی کمشنر شلپا شرما، سی ای او ضلع پنچایت ڈاکٹر گِریش بدولے، ایڈیشنل ایس پی چندرکانت پجاری، گووند سوامی، بھنتے گیانساگر، دَما کرت، انیل بیلدار، محکمہ سماجی فلاح کے افسران، طلباء اور معززین نے شرکت کی۔
مہانتیش بیلگی ایک باوقار، دیانتدار اور عوام دوست افسر تھے۔ وزیر اِیشور بی کھنڈرے

بیدر۔26/نومبر۔ وزیر جنگلات، حیاتیاتی علوم و ماحولیات اور ضلع بیدر کے انچارج وزیر، اِیشور بی کھنڈرے نے آئی اے ایس افسر مہانتیش بیلگی کی ناگہانی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ضلع پنچایت آڈیٹوریم میں منعقدہ تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہانتیش بیلگی ضلع بیدر میں سی ای او کی حیثیت سے نہایت شائستگی، اخلاق، محنت، خلوص اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کے سبب ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔اِیشور کھنڈرے نے کہا کہ بیلگی نہایت پسماندہ پس منظر سے اُٹھ کر اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے آئی اے ایس کے منصب تک پہنچے اور بیدر، دَاونگرے، اُڈپی اور بنگلورو سمیت مختلف مقامات پر مثالی خدمات انجام دیں۔ بیدر میں سیلاب و بارش سے متاثرہ دیہی علاقوں میں ان کی خدمات قابلِ ستائش تھیں۔ وزیر نے کہا کہ اہلِ خانہ کو صبر عطا کرے۔ڈپٹی کمشنر شلپا شرما نے کہا کہ انہوں نے بنگلورو میں مرحوم بیلگی کے ساتھ کام کیا ہے اور ان کی سادگی، شرافت اور انسان دوستی ان کی شخصیت کا نمایاں پہلو تھا۔ انہوں نے حادثے کی تصاویر کا ذکر کرتے ہوئے گہرے رنج کا اظہار کیا اور کہا کہ سفر کے دوران سبھی کو زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے۔ضلع پنچایت کے سی ای او ڈاکٹر گِریش بدولے نے کہا کہ مہانتیش بیلگی کی تقریریں نوجوانوں کے لیے ہمیشہ محرک رہی ہیں اور مسابقتی امتحانات کے طلبہ نے ان کے خیالات سے بے حد فائدہ اٹھایا۔ بیدر میں وہ آنگن واڑی نظام کی بہتری کے لیے خاص توجہ دیتے تھے۔ یڈیشنل ڈپٹی کمشنر شیوآنند کراڑے سمیت ضلع کے دیگر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ آغاز میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
میٹرک کے بعد کے کورسز میں زیرِ تعلیم طلبہ کے لیے وظیفے کی آخری تاریخ 20 دسمبر تک توسیع
بیدر۔26/نومبر۔ محکمہ پسماندہ طبقات فلاح نے اعلان کیا ہے کہ میٹرک کے بعد کے تمام کورسز (سوائے پی یو سی کے) میں زیرِ تعلیم اہل طلبہ بشمول پسماندہ طبقات اور در جہ اول کے خانہ بدوش و نیم خانہ بدوش طلبہ کے لیے ”میٹرک بعد طلبہ وظیفہ“، ”خانہ بدوش و نیم خانہ بدوش طبقات کا میٹرک بعد وظیفہ“، ”فیس بازادائیگی“ اور ”ودھیاسِری کھانا و رہائش امداد“ کے لیے آن لائن درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ 20 دسمبر 2025 تک بڑھا دی گئی ہے۔اہل طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ20/دسمبر2025 تک ویب سائٹ www.ssp.postmatric.karnataka.gov.in پر درخواستیں جمع کریں۔ وظیفے سے متعلق سرکاری احکامات کے لیے ویب سائٹ bcwd.karnataka.gov.inhttp://bcwd.karnataka.gov.in دیکھی جا سکتی ہے۔ مزید رہنمائی کے لیے ریاستی ہیلپ لائن 1902 یا ای میل [email protected] پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔اسی طرح محکمہ کی ہیلپ لائن 8050770005 یا ای میل [email protected] سے بھی تفصیلات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
یومِ آئین: باغبانی کالج میں حلف برداری کی تقریب
بیدر۔26/نومبر۔باغبانی سائنس کی یونیورسٹی باگل کوٹ کی زیرِ نگرانی چلنے والے باغبانی کالج بیدر میں چہارشنبہ کے روز ”یومِ آئین“ کی مناسبت سے حلف برداری کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر کالج کے ڈین ڈاکٹر ایس وی پاٹل نے کالج کے تمام اساتذہ، غیر تدریسی عملے، طلبہ اور کارکنان کو آئین ہند کی تمہید کی اجتماعی حلف برداری کروائی۔ڈاکٹر پاٹل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم، اہلِ ہند، اپنے مقدس عزم کے ساتھ ہندوستان کو ایک خودمختار، اشتراکی، ہمہ مذہبی مساوات پر مبنی، جمہوری اور جمہوریہ بنانے کے لیے مصمم ہیں۔ ہمارا آئین سماجی، اقتصادی اور سیاسی انصاف؛ فکر، اظہار، عقیدہ، مذہب اور عبادت کی آزادی؛ اور ہر شہری کے لیے مساوی احترام و مساوی مواقع کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 نومبر 1949 کو دستور ساز اسمبلی نے اسی عزم کے ساتھ ملک کے لیے آئین کو منظور کرکے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا، جو آج بھی اتحاد، سالمیت اور اخوت کا مظہر ہے۔اس تقریب کا اہتمام کالج کے ایسوسی ایٹ پروفیسر و اسسٹنٹ ڈائریکٹر طالب علم بہبود ڈاکٹر راجکمار ایم اور این ایس ایس یونٹ کے پروگرام آفیسر ڈاکٹر رمیش نائک کی جانب سے کیا گیا۔
یومِ آئین کے موقع پر بَمبلگی مرارجی دیسائی اقامتی اسکول میں قانونی آگہی و معاونت پروگرام کا انعقاد

بیدر۔26/نومبر۔ ضلع لیگل سروس اتھارٹی، ضلع وکلاء ایسوسی ایشن اور اقلیتی فلاح محکمہ بیدر کے اشتراک سے بَمبلگی واقع اقلیتی مرارجی دیسائی اقامتی اسکول میں ”یومِ آئین“ کے موقع پر قانونی آگہی و رہنمائی پروگرام منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا افتتاح سینئر سول جج و رکن سیکریٹری ضلع لیگل سروس اتھارٹی، پرکاش ارجن بنسوڈے نے پودے آبیاری کی۔ انہوں نے یومِ آئین کی اہمیت اور پوکسو قانون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی خطاب بھی کیا۔محکمہ اقلیتی فلاح کے ضلعی افسر بلی رام کُشال راؤ نے صدارت کرتے ہوئے آئین کی افادیت اور شہری حقوق پر روشنی ڈالی۔ وکیل شِورودر نے ضلع لیگل سروس اتھارٹی کی خدمات اور عوامی مفاد میں اس کے کردار پر گفتگو کی۔ اس موقع پر تقریری، مضمون نویسی اور فنِ مصوری مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔تقریب میں اسکول کے ہیڈ ماسٹر محمد خاجہ پٹیل، ایل اے ڈی سی کے وکیل سنجو کمار، لیگل سروس اتھارٹی کے اراکین، تدریسی و غیر تدریسی عملہ اور طلبہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔
بین الاقوامی یومِ خاتون بیداری پر کَمٹھانہ میں خواتین کے تحفظ سے متعلق قانونی آگہی پروگرام
بیدر۔26/نومبر۔ ضلع لیگل سروس اتھارٹی، تحصیل انتظامیہ، تحصیل پنچایت، وکلاء ایسوسی ایشن، محکمہ خواتین و اطفال ترقی اور آنگن واڑی پروگرام بیدر کے اشتراک سے کَمٹھانہ نمبر 1 کی سرکاری ہائر پرائمری اسکول میں ”بین بین الاقوامی یومِ خاتون بیداری پر کَمٹھانہ میں خواتین کے تحفظ کے موقع پر قانونی آگہی و معاونت پروگرام منعقد کیا گیا۔سینئر سول جج و رکن سیکریٹری، پرکاش ارجن بنسوڈے نے پودے کو پانی دے کر پروگرام کا افتتاح کیا اور خواتین پر ہونے والے تشدد سے متعلق قوانین، حقوق اور دستیاب قانونی تحفظات پر جامع خطاب کیا۔وکیل بی کرشنپّا نے ضلع لیگل سروس اتھارٹی کے تحت فراہم کی جانے والی خدمات کی تفصیلات بیان کیں۔ محکمہ خواتین و اطفال ترقی کے ضلعی افسر شری کانت نے والدین کو مشورہ دیا کہ بچوں کے موبائل فون استعمال پر خصوصی نگرانی رکھیں۔ شاردا این کلملاکر، پروگرام آفیسر آنگن واڑی، نے گھریلو تشدد، کام کی جگہ پر ہراسانی اور خواتین کی خود دفاعی کے اصولوں پر روشنی ڈالی۔تقریب میں اسکول کی ہیڈ مسٹریس سُکماری، ایس ڈی ایم سی چیئرمین، اساتذہ، حلقہ نگران سریکھا بائی، آنگن واڑی کارکنان، حاملہ خواتین، دُودھ پلانے والی مائیں اور دیگر مستفید خواتین نے شرکت کی۔




