کرناٹک میں BJP کو اپنے دم پر اقتدار میں لانے والے چیف منسٹر "بی ایس یدی یورپا” نے استعفی دے دیا ہے ۔ یدی یورپا نے کہا ہے کہ وہ رضاکارانہ طورپر اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں ۔ تو دوسری جانب کانگریس پارٹی نے پیر کے روز وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کی اور کہا کہ جبری ریٹائرمنٹ کلب میں شامل یدیورپا وزیر اعظم مودی کے نئے شکارہیں۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری اور کرناٹک کے انچارج رندیپ سورجے والا (Randeep Surjewala)نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ چہرہ تبدیل کرنا کرناٹک میں بی جے پی کے کرپٹ کردار کو تبدیل نہیں کرے گا۔
سرجے والا نے دعویٰ کیا ہے کہ مودی جی کے پاس ایک ریکارڈ ہے کہ انہوں نے اڈوانی ، مرلی منوہر جوشی ، کیشو بھائی پٹیل ، شانتا کمار ، یشونت سنہا اور بہت سے دوسرے لوگوں کو ریٹائرمنٹ پر مجبور کیا ہے۔
مودی کے متاثرین میں سمترا مہاجن ، سشماسوراج ، اوما بھارتی ، سی پی ٹھاکر ، اے کے پٹیل ، ہرین پنڈیا ، ہرین پاٹھک اور کلیان سنگھ شامل ہیں۔ ان میں سب سے حالیہ نام ہرش وردھن ، روی شنکر پرساد اور سشیل مودی ہیں۔ آ گے انہوں نے کہا کہ یدی یورپپا کو مودی جی نے استعفیٰ دینے کا حکم دے کر ان کی تذلیل کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یدی یورپپا مودی جی کا تازہ ترین شکارہیں اور جبری ریٹائرمنٹ کلب کے ممبر بن گئے ہیں۔
کرناٹک میں یدی یورپپا کے استعفی دینے کے بعد وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی میں سیاست چل رہی ہے، بی جے پی کے کئی لیڈران وزیر اعلیٰ کی کرسی کی ریس میں لگے ہوئے ہیں، تاہم ابھی تک بی جے پی ہائی کمان سے اس مسئلے کے متعلق کوئی پیغام نہیں آیا۔ حالانکہ یدی یورپا نے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، یدی یورپا کی جگہ لینے کے لئے کئی نام گردش کررہے ہیں، جن میں مرکزی وزیر پرہلاد جوشی، کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر وشویشور ہیگڑے، ریاستی وزیر داخلہ ایس آر بومئی، کان کنی کے وزیر مورگیس نیرانی اور چند دیگر لیڈروں کے نام شامل ہیں۔
بی جے پی میں چل رہی اس اقتدار کی سیاست کے حالات میں یہ بھی جاننا ضروری ہے کہ سن 2013 میں بھی یدی یورپا دوران حکومت کرسی سے ہٹ گئے تھے اور بھارتیہ جنتا پارٹی سے بغاوت کرکے اپنی سیاسی جماعت ‘کرناٹک جنتا پکش’ بنائی تھی جس کے نتیجے میں کرناٹک میں بی جے پی زمین دوز ہوچکی تھی۔
اس موضوع کے متعلق کانگریس ایم ایل سی اور سابق مرکزی وزیر سی ایم ابراہیم نے کہا کہ یدی یورپا بی جے پی کو اپنی ماں کہہ رہے ہیں لیکن اگر انہیں وزیر اعلیٰ کے عہدے سے برطرف کیا جاتا ہے تو سیاسی اعتبار سے نتائج ہنگامہ خیز ہوں گے۔




