جامعہ الحسنات للبنات بیدر کی طالبہ نے مکمل قرآن مجید ایک مجلس میں سنانے کا شرف حاصل کیا

بیدر 26ستمبر (محمدامین نواز)۔الماس فاؤنڈیشن بیدر کی جانب سے جاری ایک پریس نوٹ کے بموجب قرآن مقدس ایسی بابرکت کتاب ہے جس کا پڑھنا اور پڑھانا خیر وبرکت اور نفع کا ذریعہ ہے، روز محشر حافظ قرآن کا مرتبہ بلند و بالا ہوگا، حافظ قرآن سے کہا جائے گا کہ ایک ایک آیت پڑھتا جا اور بلندی کے زینہ پر چڑھتا جا، چنانچہ جہاں تک پڑھے گا اتنے ہی درجہ بلند ہوگا۔ جامعہ الحسنات للبنات بیدر کی طالبہ حافظہ عظیم النِساء بنت ادریس صاحب نے عصری تعلیم کے ساتھ صرف تین سال میں حفظِ قُرآن مجید مکمل کیا۔ اور ایک مجلس میں پورا قُرآن مجید سنایا۔طالبہ نے صبح8:10بجے سے شروع کیا اور4:9بجے پر مکمل کیا۔پورے قُرآنِ مجید میں صرف انھوں نے تین غلطی کی ہیں۔مولانا رفیع صاحب اور مولانا اعجاز صاحب نے قُرآنِ مجید سنا۔یہ طالبہ مدرسہ الماس فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلایا جارہا ہے جس کی نگرانی معروف عالمِ دین مفتی غلام یزدانی اشاعتی صاحب کررہے ہیں۔ اس ضمن میں ایک تہنیتی جلسہ کا انعقاد عمل میں آیا۔جلسہ میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے حیدرآباد کی مشہور شخصیت مولانا بشیر احمد حسامی صاحب نے طالبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انھیں دعاؤں سے سرفراز کیا اور جامعہ کے نظام کی بہی تعریف کی،اور اپنے خطاب میں بتایا کہ اللہ تعالیٰ جامعہ کے اساتذہ و عملہ کی محنتوں اور کاوشوں کو بیحد قبول فرمائے، یقینا قرآن مجید لاریب کتاب ہے، با برکت کتاب ہے۔ قرآن مجید ہماری زندگی کا سرمایہ اور ضابطہ حیات ہے، یہ جس راستے کی طرف ہماری رہنمائی کرے ہمیں اُسی راہ پر چلنا ضروری ہے، اس پر عمل پیرا ہونے سے فلاح پاسکتے ہیں، عزت و منزلت اور وقار حاصل کرسکتے ہیں، اور اس سے دوری کا نتیجہ اخروی نعمتوں سے محرومی، ابدی ناکامی اور بدبختی کے سوا کچھ نہیں، اللہ نے قرآن کو بہت آسان کرکے بندوں کے سامنے پیش کیا، قرآن میں جسمانی روحانی بیماریوں کی شفاء ہے، حضورﷺ کا ارشاد ہے کہ تم میں بہتر شخص وہ ہے جو قرآن پاک سیکھے اور دوسروں کو سکھائے، نیز رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ قرآن پڑھا کرو اس لیے کہ قرآن اپنے پڑھنے والوں کے لیے قیامت کے دن سفارش کرے گا۔الماس فاؤنڈیشن کے ذمہ دار شیخ یاسر کی محنتوں سے بہت ہی کم عرصہ میں یہ جامعہ بہت ترقی کرگیا ہے۔یہاں قُرآن کی تعلیم کے ساتھ ساتھ عصری تعلیم کا نظم بہت ہی بہتر انداز میں چلایا جارہا ہے۔نرسری سے جماعت ہشتم تک طلباء حصولِ تعلیم میں مشغول ہیں۔لڑکیوں کیلئے خصوصی طورپر تین سالہ عالمہ کورس بھی ہے جہاں لڑکیاں عالمہ کور س کے ساتھ ساتھ ٹیلرنگ،مہندی ڈائزائننگ اور پکوان بھی سیکھ رہی ہیں۔

Latest Indian news

Popular Stories

error: Content is protected !!