شاہین شعبہ حفظ القُرآن بیدر کے 12سالہ طالب علم حافظ مجتبٰی علی خان عرف بلال نے ایک نشست میں مکمل قرآن سنایا

بیدر۔6/اکتوبر۔بیدرمیں واقع شاہین ادارہ جات بیدر کے زیرِ اہتمام شاہین شعبہ حفظ القُرآن کے ایک کم سن ہونہار طالب علم حافظ محمد مجتبٰی علی خان ولد رجب علی خان نے جناب ڈاکٹرعبدالقدیر صاحب چیئرمین شاہین ادارہ جات بیدرکی سرپرستی اورمحترمہ مہر سلطانہ صاحبہ ڈائریکٹر شاہین ادارہ جات بیدر اور اپنے اساتذہ دیگر علماء مولانا مفتی محمد محبوب اشاعتی‘مولانا حافظ ابرار احمد اشاعتی‘مولانا عبداللطیف ندوی‘ مولانا محمد فہیم عفی عنہ کی موجودگی میں ایک نشست میں قُرآن مجید سنانے کی سعادت حاصل کی۔علمذکورہ بالا علماء نے حافظ محمد مجتبٰی خان کی بھر پور حوصلہ افزائی فرمائی اور انکے درخشاں مستقبل کیلئے دعا کی۔اس موقع پر ڈاکٹرعبدالقدیر چیئرمین شاہین ادارہ جات بیدر نے کم سن حافظ ِقُرآن کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اساتذہ کرام اور والدین کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ قرآن مجید کی تعلیمات سے صرف وہی لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں جن کے دلوں میں اس کلام اللہ کی طلب، لگاؤ اور جستجو ہو۔یہ وہ نورانی سعادت ہے جس کے مد مقابل تمام لطف و کرم اور سعادتیں ثانوی درجہ رکھتی ہیں۔ حافظ قرآن پر رب کریم کے تعلق کا دروازہ کھول دیا جاتا ہے اور اُس کا اپنے مولیٰ کے ساتھ خصوصی ربط قائم ہو جاتا ہے۔ اللہ جل شانہ کے جود و کرم، انوار و تجلیات اور ایک خاص روحانی برق کا نزول حافظ قرآن پر ہونا شروع ہو جاتا ہے۔جب کوئی قرآن مجید کو حفظ کرنا شروع کرتا ہے تو وہ اپنے دل کی عمیق گہرائیوں میں توفیق الٰہی اور سعادت عظیم کا سرور سرایت کرتے ہوئے محسوس کرتا ہے۔اس موقع پر محترمہ مہر سلطانہ ڈائریکٹر شاہین ادارہ جات بیدر نے اس کم عمر حافظ قُرآن حافظ محمد مجتبٰی علی خان کو نہایت ہی مسرت کا اِظہار کرتے ہوئے گولڈ میڈل پیش کیا اور مبارکباد پیش کی‘انھوں اپنے خطاب میں بتایا کہ قرآن پاک کو سیکھنے اور سکھانے والا دو کمالات کا حامل ہوتا ہے۔ ایک تو وہ خود قرآن کریم سے نفع حاصل کرتا ہے پھر دوسروں کو اخلاص کے ساتھ نفع تقسیم کرتا ہے، اسی بناء پر اسے بہتر و اعلیٰ قرار دیا گیا ہے۔اس عظیم الشان کتاب قرآن مجید سے اپنی اور مسلم معاشرے کی اصلاح کے لیے مدد لیجیے، خود بھی اسے یاد کریں، پڑھنے اور عمل کرنے کو اپنا شعار بنائیے اور اپنی اولاد کو بھی حفظ قرآن جیسی انمول نعمت کی تاکید و ترغیب دیجیے۔حافظ محمد مجتبٰی علی خان کو ایک نشست میں قُرآن مجید سنانے پر اعزازی سند پیش کی گئی۔اور گُلپوشی و شالپوشی کی گئی۔مرزا حافظ عبدالمتین بیگ محمدی انچارج شاہین شعبہ حفظ القُرآن نے تمام شرکائے تقریب کا اِظہار تشکرکیا اور دعا پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔

Latest Indian news

Popular Stories

error: Content is protected !!