شاہ آباد جامع مسجد میں تاریخی و فقید المثال عید ملاپ پروگرام کا انعقاد

برادران وطن کی 24برادریوں کے ذمہ داران نے کی شرکت اور ستائش

شاہ آباد،14اپریل(ای میل) ہفتے کی شام شاہ آباد ضلع گلبرگہ کی سرزمین کیلئے ایک تاریخ ساز رہی۔ جامع مسجد شاہ آباد میں ایک ایسے تاریخ ساز پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔ یہاں بعد نماز مغرب برادران وطن کیلئے عید ملاپ اور مسجد درشن پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں برادران وطن کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کی بھر پورر ستائش کی۔ جامع مسجد شاہ آباد کے نو منتخب صدر محمد متین پٹیل ایم آر ایل کی صدارت میں اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا۔ مسجد کمیٹی کی جانب سے منعقد کئے گئے اس عید ملاپ پروگرام میں شاہ آباد میں موجود برادران وطن کی تمام24 برادریوں کو مد عو کیا گیا تھا۔

عید ملاپ کی منا سبت سے تمام برادریوں نے لبیک کہہ کر اس پروگرام میں شرکت کی۔ جامع مسجد کا صحن کافی وسیع و عریض ہے، اس کے باوجود برادران وطن کی اتنی کثیر تعداد اس پروگرام میں موجود تھی کہ گویا یہ وسیع و عریض صحن بھی اپنی تنگدامنی کا شکوہ کر رہا تھا۔ خاص برادران وطن کے نوجوانوں میں اس پروگرام کے تعلق سے کافی دلچسپی دیکھی گئی۔ ایک اندازے کے مطابق اس پروگرام میں ایک ہزار سے زائد برادران وطن نے شرکت کی۔ تقریب میں شریک تمام برادران وطن کو پھول دے کر اس پروگرام میں استقبال کیا گیا، ساتھ ہی تحفے میں سیرت النبیﷺ پر مشتمل کنڑا کی کتاب بھی پیش کی گئی۔ جسے برادران وطن نے محبت سے قبول کیا۔ ساتھ ہی تمام برادریوں کے ذمہ داران کی شالپوشی و گلپوشی کی گئی۔ اس خیر سگالی کے جواب میں برادران وطن نے بھی مسجد کے صدر متین پٹیل ایم آر ایل سمیت کمیٹی کے ممبران کی شالپوشی و گلپوشی کی۔ عید ملاپ کی تقریب کی مناسبت سے لذیذ شیر خورمہ سے مہمانوں کی ضیافت کی گئی۔ برادران وطن بڑے ہی مزے سے شیر خورمہ سے لطف اندوز ہوتے نظر آ ئے۔ اس موقع پر جامع مسجد شاہ آباد کے امام و خطیب نے اسلام میں مساوات اور بھائی چارگی کی تعلیمات پر روشنی ڈالی۔ امام و خطیب نے کہا کہ اسلام میں کسی کو کسی پر رنگ ونسل، امیری غریبی پر فوقیت نہیں دی گئی ہے، بلکہ اسلام کے نزدیک انسان کی پہچان اس کے اعمال سے ہے۔ اسلام کے نزدیک تمام انسان برابر ہیں۔ نماز کے دوران تمام کو سیٹھ اور نوکر کو ایک صف میں کھڑے رہ اپنے رب کے روبرو سر جھکانا ہے۔۔ مولانا محترم نے کہا کہ اسلام کے نزدیک سب سے بہتر مسلمان وہ ہے جو کہ اپنے پڑوسی کے ساتھ بہتر تعلقات کے ساتھ رہے، اس کا پڑوسی اس کے شر سے محفوظ رہے۔ حضرت مولانا نے اپنے خطاب میں برادران وطن سے ملک کی گنگا جمنی تہذیب کی حفاظت کرنے کیلئے آگے آنے کی اپیل کی اور اتحاد کے ساتھ ملک کی معیشت و اقتصادیات کو مضبوط بنانے کی اپیل کی۔ مولانا محترم کے اس پورے خطاب کو برادران وطن نے کافی غور سے سنا اور حضرت کے بیان کردہ تمام نکات پر اتفاق کیا۔ تقریب کے دوران ہی نماز عشاء کا وقت ہوا تو مقررہ وقت پر نماز عشاء اداد کی گئی اور برادران وطن کو مسجد کے اندر بٹھایا گیا اور نماز کا مشاہدہ کرنے کی دعوت دی گئی۔ برادران وطن نے بھی بڑے اشتیاق، ادب و احترام کے ساتھ باجماعت عشاء کا مشاہدہ کیا۔ نماز کے بعد تاثرات سے ایسا لگ رہا تھا کہ برادران وطن اس سے کافی خوش ہیں۔ اس موقع پر برادران وطن سے اس پروگرام کی کھل کر ستائش کی اور اسے ایک تاریخی قرار دیا۔ برادران وطن نے اس طرح کے پروگراموں کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے اس کے انعقاد پر متین پٹیل ایم آر ایل سمیت جامع مسجد شاہ آباد کے ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کی۔ برادران وطن کا کہنا ہے کہ اس طرح کے بین مذہبی پروگراموں سے ایک دوسرے کے کلچر تہذیب وتمدن اور مذہب کو سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے اور درمیان میں پائے جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ ہوتا ہے۔ اس موقع پر شاہ آباد جامع مسجد کے صدر متین پٹیل ایم آر ایل نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام کے انعقاد کا مقصد بھی” آئیڈیا آف انڈیا”کو فروغ دینا ہے، گنگا جمنی تہذیب کو فروغ دینا ہے، تاکہ سماج کے تمام طبقات مل کر رہیں اور مجموعی طور پر سب مل کر ترقی کریں۔ مسجد کمیٹی کے صدر نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد شاہ آباد میں موجود تمام برادریوں کو ایک چھت کے نیچے جمع کر کے اتحاد و اتفاق کا پیغام دینا تھا۔ برادران وطن کے دلوں میں بالخصوص نوجوانوں کے دلوں میں اسلام یا مسلمانوں کے تعلق سے پائی جانی والی غلط فہمیوں کو دور کرنا تھا جس میں مسجد کمیٹی کو کامیابی ملی ہے۔

Latest Indian news

Popular Stories

error: Content is protected !!