کرناٹک کی بقیہ 14 لوک سبھا سیٹوں پر منگل کو دوسرے مرحلے کے انتخابات کا مرحلہ تیار ہے


بیدر۔6/مئی۔کرناٹک کی بقیہ 14 لوک سبھا سیٹوں پر منگل کو دوسرے مرحلے کے انتخابات کا مرحلہ تیار ہے۔ شمالی اضلاع کے پارلیمانی حلقوں میں کانگریس اور بی جے پی کے درمیان سیدھا مقابلہ ہونے والا ہے۔ ریاست میں لوک سبھا کے کل 28 حلقے ہیں۔ زیادہ تر جنوبی اور ساحلی اضلاع میں 14 سیٹوں کے لیے پہلے مرحلے کی ووٹنگ 26 اپریل کو ہوئی تھی۔ دوسرے مرحلے کے لیے کل 227 امیدوار میدان میں ہیں، جن میں 206 مرد اور 21 خواتین شامل ہیں۔جن علاقوں میں منگل کو انتخابات ہوں گے ان میں چکوڈی، بیلگاوی، باگل کوٹ، وجے پور، گلبرگہ، رائچور، بیدر، کوپل، بیلاری، ہاویری، دھارواڑ، شمالی کنڑ، داونگیرے اور شیموگہ شامل ہیں۔ سابق وزرائے اعلیٰ بسواراج بومائی (ہاویری) اور جگدیش شیٹر (بیلگاوی)، مرکزی وزراء پرہلاد جوشی (دھارواڑ) اور بھگونت کھوبا (بیدر) بی جے پی کے ساتھ اپنی قسمت آزمانے کے لیے تیار ہیں۔ وہیں کانگریس نے گیتا شیوراج کمار (شیموگہ) کو میدان میں اتارا ہے، جو اداکار شیوراج کمار کی اہلیہ اور سابق وزیر اعلیٰ ایس بنگارپا کی بیٹی اور اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھرگے کے داماد رادھا کرشنا دوڈمنی (گلبرگہ) اور بیدرحلقہ پارلیمنٹ سے وزیر جنگلات ایشور بی کھنڈرے کے بیٹے ساگر کھنڈرے انتخابی میدان میں ہیں۔اس مرحلے میں داؤ کئی وزراء پر ہے جن کے بچے میدان میں ہیں۔ کانگریس کے ریاستی وزراء کے بچے بھی میدان میں ہیں۔ مرنل رویندر ہیبالکر وزیر لکشمی ہیبالکر کے بیٹے بیلگاوی سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ پرینکا جارکی ہولی چکوڈی سے الیکشن لڑ رہی ہیں، جو وزیر ستیش جارکی ہولی کی بیٹی ہیں۔ سانوکت پاٹل باگل کوٹ سے الیکشن لڑ رہی ہیں، جو وزیر شیوانند پاٹل کی بیٹی ہیں۔ وزیر ایس ایس ملیکارجن کی بیوی پربھا ملیکارجن اور کانگریس کے بزرگ رہنما شمانور شیواشنکرپا کی بہو، داونگیرے سے الیکشن لڑ رہی ہیں۔شیموگہ میں سہ رخی مقابلہ ہے۔ بی وائی راگھویندر بی جے پی-جے ڈی ایس اتحاد کے امیدوار، کانگریس سے گیتا شیوراج کمار اور کے ایس ایشورپا آزاد امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں۔ جب ان کے بیٹے کنتیش کو ہاویری سے ٹکٹ نہیں دیا گیا تو سابق ڈپٹی چیف منسٹر ایشورپا نے بغاوت کی اور بی جے پی کو چیلنج کیا۔ بی جے پی نے 14 میں سے 7 سیٹوں پر موجودہ ممبران پارلیمنٹ کو ٹکٹ نہیں دیا ہے۔ بی جے پی نے موجودہ اراکین پارلیمنٹ کو چھوڑ کربیلگاوی، چتردرگہ، کوپل،شمالی کنڑ، ہاویری، داونگیرے اور بیلاری میں نئے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔

Latest Indian news

Popular Stories

error: Content is protected !!