ہاویری ضلع کے چک اسلام پور میں عظیم الشان سالانہ طرحی نعتیہ مشاعرہ کاکامیاب انعقاد،

صبح 4:30بجے نعتیہ مشاعرہ اختتام کو پہنچا

بیدر۔ 12/ستمبر (محمدیوسف رحیم بیدری) جناب مجید خان، جناب مجاہد خان، جناب شاہد خان، جناب معین خان، جناب حسین خان اور تمام خانزادے برادران چک اسلام پور، ضلع ہاویری کی جانب سے ہر سال کی طرح اِمسال بھی جشن عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر ایک عظیم الشان سالانہ طرحی نعتیہ مشاعرہ کا کامیاب انعقادچِک اسلام پور، شاہ نورمیں عمل میں آیا۔ جس میں صوبہ کرناٹک کے منتخب شعراء مدعو کئے گئے تھے۔جس کی صدارت جناب سید جلال محمودی صاحب، مولوفِ مقدمہ طرزِ نعت بھدراوتی نے کی۔ مشاعرہ کے لئے مصرعہ ء طرح ”دِل ہوا تم پر فدا یامصطفی ﷺ“ دیاگیاتھا۔ جناب سید جلال محمودی بھدراوتی، جناب رحمت اللہ رحمت ؔ شیموگہ، جناب حسن علی خان حسن ؔچن پٹن، مولانا حافظ محمدرکن الدین قادری لقمان شرگپہ، جناب ارقم مظہری شیموگہ، محترمہ مہرؔافروز کاٹھیاواڑی دھارواڑ،
شکیلہ گوری خان دھارواڑ، جناب ثناء اللہ ثناؔاشرفی دھارواڑ، جناب سید اعجاز پٹیل رانی بنوری، جناب احمد رضا ؔنائک کاگنلہ اور جناب ریاض احمد سحر ؔ شاہنور نے اپنااپنا نعتیہ کلا م پیش کرتے ہوئے دادحاصل کی۔جناب سید جلال الدین محمودی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ ذکر نبی ﷺ باعث نجات اور سعادت دین ودنیا ہے۔ اور نبی کریم ﷺ کی نعت کہنا یہ وہ سعادت ہے جو ہر کسی کونصیب نہیں ہوتی۔ نعت کا لکھنا، نعت کاپڑھنااور نعت کاسننا سناناجاری رہنا چاہیے۔ اسی طرح نعت کی محفلوں کا انعقاد کرنا باعث ثواب اور اسلامی ثقافت کامظہر ہے۔ جناب ِ صدر نے تمام شعراء کی جانب سے پیش کی گئی نعوت کو کامیاب قراردیتے ہوئے کہاکہ مشق ِ سخن جاری رکھنا ہی کامیابی کی دلیل ہے۔اس طرحی نعتیہ مشاعرہ کاانعقاد قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا۔ نظامت کافریضہ شاہنور کے جناب خالد احمد خان شاہنوری نے بخوبی انجام دیا۔ اس مشاعرہ کی خوبی یہ رہی ہے کہ مشاعرہ کبھی کسی شاعر کے طرحی کلام یا دوسری کسی وجہ سے نیچے کی سمت ہرگز ہرگز نہیں پہنچا۔ ابتداء تا صدارتی نعت کے پیش کرنے تک مشاعرے میں نورمحمدی کی بارش اور فیوض وبرکات جاری رہیں، وہاں موجود شرکاء نے اس کو محسوس کیا۔ صبح 4:30بجے یہ نعتیہ مشاعرہ اپنے اختتام کوپہنچتے ہوئے تاریخ رقم کرگیا۔ اہل چک اسلام پور نے رم جھم بارش کے درمیان یہ مشاعرہ منعقد کیا۔ صرف شعراء ہی نہیں تمام سامعین کے لئے طعام کابہترین نظم دیکھنے کوملا۔

Latest Indian news

Popular Stories

error: Content is protected !!