انجینئرنگ اور دیگر پیشہ ورانہ کورسز میں داخلہ صرف سی ای ٹی کی بنیاد پر دیا جائے گا

بنگلور۔10/جون۔(محمد امین نواز)۔ کرناٹک حکومت نے اعلان کیا ہے کہ انڈرگریجویٹ پروفیشنل کورسز جس میں انجینئرنگ، ٹکنالوجی، یوگا اور نیچروپیتھی، زرعی سائنس اور فارما کورس شامل ہیں، میں داخلہ کامن انٹرنس ٹیسٹ (سی ای ٹی) میں شرکت کرنے والے طلبہ کے حاصل کردہ درجات پر مبنی ہوگا۔ دوسرے پی یو سی سالِ دوم امتحان گریڈ یا نمبر کی بنیاد پر نہیں۔ سی ای ٹی کا امتحان 28 اگست سے ہو شروع ہوگا۔ اندراج کا عمل 15 جون سے شروع ہوگا۔
محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اعلی سطحی اجلاس میں شرکت کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر سی.این. اشوتھ نارائن نے کہا کہ حکومت بیچلر آف سائنس ڈگری پروگراموں میں داخلہ کے خواہاں طلباء کے لئے سی ای ٹی امتحانات کی بھی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ کورونا وبائی بیماری کی وجہ سے تدریسی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔ حکومت کو بارہویں کا امتحان منسوخ کرنا پڑا ہے۔ ایسی صورتحال میں حکومت نے سی ای ٹی کے لئے مطلوبہ کم سے کم اہلیت کے نشانات میں بھی نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت داخلہ کے لئے اہلیت میں نرمی کیلئے آل انڈیا کونسل برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن، فارمیسی کونسل اور زراعت کونسل جیسی تمام ایجنسیوں کو خط لکھے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ انجینئرنگ کورسز میں داخلے کے لئے درجہ بندی سی ای ٹی کے دوران PCM (فزکس، کیمسٹری، ریاضی) میں حاصل کردہ نمبر کی بنیاد پر دی جائے گی۔ سالانہ امتحان اور سی ای ٹی سے مساوی تناسب سے PCM نمبروں کا پرانا طریقہ اس سال کے لئے لاگو نہیں ہوگا۔ NEET کی طرز پر سی ای ٹی میں کم سے کم قابلیت متعارف کروانے کا خیال جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ہائیر ایجوکیشن 2021-22کے لئے سائنس پر مبنی تمام کورسز میں داخلے کے لئے سی ای ٹی اسکور کو مشترکہ بنیاد سمجھنے پر غور کر رہا ہے۔ اس سوال کے جواب میں کہ سی ای ٹی کو سائنس پر مبنی تمام کورسز میں داخلے کی بنیاد کیسے بنایا جاسکتا ہے، انہوں نے کہا کہ کچھ کورسز میں کچھ نرمی کی ضرورت پڑسکتی ہے اور اس کا فیصلہ ان کورسز کی نوعیت کی بنیاد پر کرنا پڑے گا۔
اشوتھ نارائن نے کہا کہ اس بار اعلی تعلیم کے اہل طلباء کی کل تعداد 30 فیصد (دو لاکھ) سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔ حکومت ریاست بھر میں انڈرگریجویٹ کورسز کے لئے کالجوں میں دستیاب نشستوں کی تعداد بڑھانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔پیشہ ورانہ نصاب میں داخلے کے لئے سی ای ٹی رینکنگ کو واحد معیار سمجھنے کی تجویز سب سے پہلے وزیر پرائمری اور ثانوی تعلیم ایس سریش کمارنے پیش کی تھی
سی ای ٹی امتحان کا نظام الاوقات
28 اگست کو صبح 10.30 بجے سے صبح 11.50 بجے تک حیاتیات کا پیپر ہوگا اور دوپہر 2.30 سے سہ پہر 3.50 بجے تک ریاضی ہوگا۔
29 اگست کو فزکس کے مضمون کا امتحان صبح 10.30 بجے سے صبح 11.50 بجے تک اور کیمسٹری ڈھائی بجے سے سہ پہر ساڑھے تین بجے تک ہوگا۔
سرحدی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے کنڑابولنے والے گاڑیناڈو سمیت دیگر ریاستوں کے ہورناڈو کنڑا بولنے والے 30 اگست کو آخری امتحان میں شرکت کریں گے۔ کنڑ زبان کا امتحان صبح 11.30 بجے سے 12.30 بجے تک ہوگا۔

Latest Indian news

Popular Stories

error: Content is protected !!